کراچی تا خیبر 20 لاکھ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جائے گا، سربراہ سیلانی ویلفیئر

Karachi to Khyber to distribute rations to 2 million families: chief saylani welfare
26مارچ2020
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (کراچی) سیلانی ویلفیئر نے کراچی تا خیبر 20 لاکھ خاندانوں میں دو ارب کا راشن دینے کا اعلان کر دیا۔

بہادر آباد میں سیلانی ویلفیئر کے مرکز پر ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے سیلانی ویلفیئر کے سربراہ مولانا بشیر فاروقی نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران کراچی سے خیبر تک 20 لاکھ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جائے گا جس پر 2 ارب روپے کے اخراجات آئیں گے، ساتھ ہی لاکھوں افراد کو روزانہ تیار کھانا بھی فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے مراکز کے باہر موجود ڈبوں میں لوگ اپنے گھروں کے پتے شناختی کارڈ کی نقل کے ہمراہ ڈال رہے ہیں، انہیں بھی گھروں پر راشن دیا جارہا ہے اسی طرح مختلف علاقوں میں ان کے رابطے میں موجود سماجی کارکنان کے ذریعے نشاندہی کے بعد ان غریب افراد کے گھروں تک راشن پہنچایا جارہا ہے جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے مزدوری سے محروم ہیں۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: حکومت کا 70 لاکھ دیہاڑی دار افراد کیلئے ریلیف پیکج دینے کا اعلان

سربراہ سیلانی ویلفیئرنے یہ بھی کہا کہ غریب افراد کے موجودہ حالات رلا دینے والے ہیں اور ہمارا عزم ہے کہ کوئی بھی شخص بھوکا نہ سوئے، ہم رازق نہیں بلکہ رزق دینے والے کے ادنیٰ سے بندے ہیں اور اپنی آخرت سنوارنے اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کے پیش نظر جدوجہد میں مصروف ہیں، ہماری اس کاوش میں مخیر حضرات کا بھرپور تعاون شامل ہے، لاک ڈاؤن کے دوران مستحق لوگوں کی پریشانی کے مدنظر مخیر افراد دل کھول کر سیلانی ویلفیئر کو وسائل فراہم کررہے ہیں۔ جب کہ ہم ان سب کے تعاون سے مستحق افراد کی مدد کرتے رہیں گے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: سندھ حکومت کا لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا فیصلہ

مولانا بشیر فاروقی نے کہا کہ ابتدائی 2 دنوں میں انہیں آٹے کی شدید کمی کا سامنا تھا مگر اب صورتحال بہتر ہوگئی ہے، ہم نے سکھر اور جنوبی پنجاب میں بھی کام شروع کردیا ہے، دستر خوان لگانے کے بجائے تیار کھانا مستحق افراد کو پارسل میں دیا جارہا ہے، صرف بدھ کو کراچی میں 65 ہزار روٹیاں اور 130 دیگیں تیار کی گئی ہیں، سیلانی ویلفیئر کی پوری کوشش ہے کہ کراچی سے خیبر تک راشن اور تیار کھانا ہر مستحق گھرانے تک پہنچ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس خدمت کے لیے انہیں حکومت کی مدد حاصل نہیں ہے۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیلانی ہیڈ آفس بہادر آباد کا دورہ کیا اور ان کے گوداموں اور راشن پیکنگ سسٹم کا معائنہ کیا۔ سیلانی ٹرسٹ کے بانی مولانا بشیر فاروق قادری نے وزیر اعلیٰ سندھ کو اپنے راشن کی تقسیم کے نظام سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے راشن کی تقسیم کا افتتاح کرنے کے لیے مستحق شخص میں آٹا تقسیم کیا۔

Facebook Comments