کراچی پولیس نے تین پیشہ ور مجرمان کو گرفتار کر لیا

Criminals
02جولائی2020
(فوٹو : بشکریہ ایکسپریس)

ویب ڈیسک: (کراچی) گاڑی چوری کر کے لانگ ڈرائیو پر نشے کی پارٹیاں کرنے والے خاتون سمیت تین ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ماڈل تھانہ فیروزآباد پولیس نے دوران پیٹرولنگ گاڑی چوری کر کے لانگ ڈرائیو پر نشے کی پارٹیاں کرنے والے خاتون سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر کے انکے قبضے سے اسلحہ، چوری شدہ گاڑی، آئس اور دیگر منشیات برآمد کر لی ۔

ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کے مطابق ملزمان شاہ رخ ولد افتخار، وجاہت ولد جمال اقبال اور خاتون ملزمہ سمیرا احسان ہنڈا سٹی گاڑی رجسٹریشن نمبر اے جے ایچ 632 میں سوار ہو کر جا رہے تھے، کہ پولیس نے شک کی بنیاد پر گاڑی کو روکا تو انکشاف ہوا کہ تینوں ملزمان نشے میں دھت اور چوری کی گاڑی میں سوار ہیں، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، بڑی تعداد میں آئس اور دیگر منشیات اور بریگیڈ تھانے کی حدود میں چوری کی جانے والی گاڑی برآمد کر لی۔

ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان شہر کے مختلف علاقوں سے گاڑیاں چوری و چھین کر نشے کی پارٹیاں کرنے کیلئے لانگ ڈرائیو پر جاتے تھے اور ڈرائیونگ کے دوران آئس نشہ اور دیگر نشہ آور اشیاء کا استعمال کرتے تھے، پارٹی کرنے کے بعد ملزمان گاڑی فروخت کر دیتے تھے، گاڑی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم سے منشیات خریدی جاتی تھی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ کراچی میں ڈکیتی کے واقعات بدستور جاری! شہری پریشان

ساجد سدوزئی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کا گروہ 8 سے 10 ملزمان پر مشتمل ہے، گرفتار ملزمان شاہ رخ اور وجاہت ناظم آباد جبکہ لڑکی سمیرا کا تعلق سرجانی سے ہے، ملزم شاہ رخ 2016ء میں ناظم آباد اور 2017ء میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں پہلے بھی گرفتار ہو چکا ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف مزید 3 مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جس کے بعد مزید انکشافات متوقع ہیں۔

Facebook Comments