کسی صورت بھی ملکی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے! آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

04نومبر2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (راولپنڈی) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ فوج ریاست کا ایک اہم ادارہ ہے، جو قومی اداروں کی مدد کیلئے آئین و قانون کے تحت فرائض انجام دیتا رہے گا، جبکہ مذموم مقاصد کیلئے قربانیوں کے ثمرات کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرِ صدارت کورکمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرس کے شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ تمام خطرات کے خلاف ملک کا دفاع کریں گے۔

کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قومی کاوشوں اور مسلح افواج کی قربانیوں سے بہتر داخلی سلامتی و استحکام حاصل کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ملکی اداروں کی مدد کیلئے آئین و قانون کے تحت تفویض کردہ فرائض انجام دیتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان مشرقی سرحد اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سمیت ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اہم قومی معاملات پر اسٹیک ہولڈرز کی ہم آہنگی دشمن قوتوں کو شکست دینے کیلئے ضروری ہے۔

کانفرنس میں قومی سلامتی، داخلی سیکیورٹی، مشرقی سرحد، ایل او سی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

Facebook Comments