حکومت کی کفایت شعاری مہم! سرکاری اداروں میں مزید سخت اقدامات کرنے کے احکامات جاری

Government Savings Campaign! Orders to take more stringent action in government bureaus
24اگست2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) حکومت نے مالی سال 2019-20 کیلئے مزید کفایت شعاری اور بچت اقدامات کرتے ہوئے وزارتوں، ڈویژنوں، محکموں اور سرکاری تنظیموں پر ہر قسم کی نئی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل کی خریداری کو استثنیٰ حاصل ہو گا، گاڑیوں پر پابندی تمام موجودہ اور ترقیاتی اخراجات کیلئے بھی ہو گی۔ وزارتِ خزانہ کے جاری میمورنڈم میں سرکاری محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جن کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ میمورنڈم کے مطابق ترقیاتی منصوبوں اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے علاوہ ہر قسم کی نئی اسامیوں کی تخلیق پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ مجاز افسران کو صرف ایک اخبار، میگزین تک محدود کر دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں سرکاری اداروں کے پرنسپل اکاؤنٹنگ افسران بجلی، گیس، ٹیلی فون، پانی وغیرہ کے بلوں، اثاثہ جات کی خریداری کے اخراجات، مرمتی کاموں اور دیگر آپریشنل اخراجات کو کم سے کم سطح پر رکھنے کو یقینی بنائیں اور مالی سال کیلئے مختص کردہ بجٹ کے اندر رہتے ہوئے کم سے کم اخرجات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

میمورنڈم میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری خط و کتابت کیلئے کاغذ کی دونوں اطراف کو استعمال میں لایا جائے، جبکہ وزارتوں، ڈویژنوں، محکموں اور سرکاری تنظیموں کی ناگزیر ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ایک کفایت شعاری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو صرف ضروری، ناگزیر صورت میں گاڑیوں کی خریداری اور نئی پوسٹوں کی تخلیق سے متعلق تجاویز کا جائزہ لے گی۔

واضح رہے کہ کفایت شعاری کمیٹی کے چیئرمین ایڈیشنل فنانس سیکریٹری (اخراجات ) ہوں گے۔

Facebook Comments