حکومت کا 70 لاکھ دیہاڑی دار افراد کیلئے ریلیف پیکج دینے کا اعلان

23مارچ2020

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) کورونا وائرس کے پیش نظر وزیراعظم نے بڑے معاشی ریلیف پیکج کی منظوری دے دی اور اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 70 لاکھ دیہاڑی دار افراد کو 3 ہزار روپے ماہانہ دئیے جائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر چاروں صوبوں میں لاک ڈاؤن کے بعد غریب شہریوں کو خوراک کی فراہمی سے متعلق حکمت عملی، بنیادی اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے یوٹیلٹی اسٹورز اور فلاحی اداروں کو راشن کی خریداری پر ریلیف دینے پر بھی غور کیا گیا، جب کہ کورونا سے متاثرہ علاقوں میں مشترکہ ریلیف آپریشن سےمتعلق بھی بات چیت کی گئی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: پنجاب حکومت نے فیس ماسک اور سینی ٹائزر کی مصنوعی قلت پر قابو پا لیا

اس کے علاوہ ایکسپورٹرز کے لئے 200 ارب روپے کا ریلیف پیکج بھی منظور کر لیا گیا۔ وزیراعظم نے ملکی صورت حال اور کورونا کے بڑھتے کیسز پر مسلسل نظر رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورت حال میں غریب اور پسے ہوئے طبقے پر نظر رکھیں، دہاڑی دار افراد کو مسائل نہیں ہونے چاہیے۔

وزیراعظم عمران خان کل تعمیراتی انڈسٹری کے لئے بھی ریلیف پیکج کا اعلان کریں گے اور تعمیراتی انڈسٹری کے لئے بڑا ٹیکس ریلیف دیا جائے گا۔

Facebook Comments