کشمیر معاملے پر فواد چوہدری نے حکومت کو بڑی تجویز دے دی

07اگست2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ پاکستان بھارت سے سفارتی تعلقات منقطع کر دے اور پاکستان میں تعینات بھارتی سفیر اجے بساریہ کو واپس بھیج دے۔

تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب ہندوستان ہم سے بات ہی نہیں کرنا چاہتا تو اُن کے سفیر صاحب یہاں کیا کر رہے ہیں، ہمیں بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کرنا دینا چاہیئں۔

انہوں نے کہا کہ کل جب وزیرِ اعظم نے بھارت پر حملے کی بات کی تو شہباز شریف اور بلاول بھٹو کو کہنا چاہیئے تھا کہ قدم بڑھاؤ ہم آپ کے ساتھ ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم لڑنا نہیں چاہتے لیکن یہ تاثر بھی نہیں جانا چاہیئے کہ ہم لڑنے سے بھاگ رہے ہیں، لڑنے کا موقع آیا تو پاکستان کا بچہ بچہ اپنی جان، اپنا خون ہتھیلی پر رکھ کر لڑے گا، جنگ ہوئی تو ساری دنیا اس کی حدت محسوس کرے گی، کشمیر کو فلسطین نہیں بننے دیں گے۔

Facebook Comments