فواد چوہدری اپوزیشن اور الیکشن کمیشن پر برس پڑے

Fawad Chaudhry
10ستمبر2021
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن والے خود ہی ایک دوسرے کو ننگا کر رہے ہیں! الیکشن کمیشن اس وقت اپوزیشن کا ہیڈ کوارٹر بنا ہوا ہے، چیف الیکشن کمشنر کو اگر سیاست کرنی ہے تو عہدہ چھوڑیں اور الیکشن لڑیں۔

تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن سمیت تمام اداروں کو آئین کے ‏مطابق چلنا ہو گا، ہمارے منشور میں شفاف الیکشن کرانا بھی ہے، ملک میں شفاف الیکشن کرانے کا بیڑہ عمران خان ‏نے اٹھایا لیکن ایسا لگتا ہے الیکشن کمیشن اپوزیشن کا ہیڈ کوارٹر بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے دیگر ارکان کو اتنے مسائل نہیں جتنے چیف الیکشن کمشنر کو ہیں، اگر چیف ‏الیکشن کمشنر کو سیاست کرنی ہے تو عہدہ چھوڑیں اور الیکشن لڑیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی کہا ٹیکنالوجی کا استعمال کیاجائے، پاکستان میں کوئی بھی ‏انتخابات کے نتائج سے مطمئن نہیں ہوتا، اپوزیشن سے کہا آئیں اور انتخابی اصلاحات پر ہم سے بات کریں، اپوزیشن جہاں ‏الیکشن ہارتی ہے وہاں دھاندلی کا کہا جاتا ہے، شفاف الیکشن کیلئے ہم ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن والے خود ہی ایک دوسرے کو ننگا ‏کر رہے ہیں، یہ چھوٹے لوگ ہیں اور چھوٹے لوگوں سے بھلائی کی توقع نہیں، مولانافضل الرحمان نے اپوزیشن کا سارا ‏کچاچھٹا کھول دیا ہے۔

Facebook Comments