پولیس سے لاٹھی چھین کر حملہ کرنا کیپٹن (ر) صفدر کو مہنگا پڑ گیا

Capt. R Safdar gets costly by stabbing police!
23اگست2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (لاہور) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم صفدر کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اور 14 پارٹی کارکنان کے خلاف پولیس کو دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور دیگر لیگی کارکنان نے مریم صفدر کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دی تھیں۔ ایف آئی آر کے مطابق مریم صفدر اور حمزہ شہباز کی عدالت پیشی کے موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور دیگر 14 لیگی کارکنان نے پولیس اہلکاروں کے کام میں مداخلت کی اور انہیں دھمکیاں دیں۔ مقدمے میں کہا گیا ہے کہ محمد صفدر نے ایک پولیس اہلکار سے لاٹھی بھی چھینی اور ان پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

ملزمان کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 186، 147، 149 اور 353 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے اسی معاملے پر پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک نے کہا کہ ‘کشمیر فروخت کرنے والے’ حکمران اپنی ناانصافیوں کے خلاف عوام کی آواز نہیں دبا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر اور حمزہ شہباز کی عدالت پیشی کے دوران پولیس نے لیگی کارکنان پر تشدد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی فسطائی حکومت لیگی کارکنان کو اپنے رہنماؤں سے اظہارِ یکجہتی کرنے سے نہیں روک سکتی۔

پرویز ملک کا یہ بھی کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت آمریت ہے کیونکہ اپوزیشن کی آواز دبائی جا رہی ہے اور میڈیا سینسرشپ کی زد میں ہے۔

Facebook Comments