تین بچوں کی ماں آشنا کے ساتھ فرار ہونے پر بھائی کے ہاتھوں آشنا سمیت قتل

19ستمبر2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) اسلام آباد کےنواحی علاقے میں ایک شخص نے اپنی بہن اور اس کے ساتھ ایک شخص کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق قتل کا یہ واقعہ فیض آباد کے قریب آئی جے پرنسپل روڈ کے نزیک پیش آیا، جہاں مذکورہ شخص نے مقتول مرد و خاتون کو روک کر ان پر فائر کھول دیئے، جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق آس پاس موجود لوگوں نے فوراً فائرنگ کرنے والے شخص کو پکڑ لیا اور اطلاع ملنے پر جائے واردات پہنچنے والی پولیس ٹیم کے حوالے کر دیا۔ وقوعہ کے بعد دونوں زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا گیا تاہم ہسپتال میں ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ بھائی نے 17 سالہ بہن کو قتل کر دیا۔ معاملہ غیرت کا نکلا

مذکورہ کیس کے سلسلے میں انڈسٹری ایریا پولیس تھانے کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) کا کہنا تھا کہ مقتولین اور ملزم کا تعلق پشاور کے قریبی گاؤں سے ہے۔ بعد ازاں پولیس کے تفتیش کرنے پر ملزم نے بتایا کہ اس کی بہن شادی شدہ اور 3 بچوں کی ماں تھی جو ایک شخص کے ساتھ کشمیر فرار ہوگئی تھی جہاں وہ کچھ عرصہ رہے۔ ملزم نے دونوں مقتولین کا کشمیر سے پیچھا کیا اور فیض آباد پہنچ کر انہیں جا لیا، جہاں اس نے ان دونوں پر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔

ایس ایچ او کا مزید کہنا تھا کہ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ مقتول جوڑا بدھ کے روز اسلام آباد پہنچا تھا اور فیض آباد میں مسافر بس سے اتر رہا تھا، جہاں ملزم نے انہیں گولیوں ماریں۔

Facebook Comments