تفریحی مقامات پر ایئر پورٹس کی بہتری کا کام شروع کر دیا گیا ہے! سول ایوی ایشن اتھارٹی

CAA
20مئی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (کراچی) سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے سیاحت کے فروغ کیلئے سیدو شریف (سوات) ایئرپورٹ، پارہ چنار اور چترال ایئرپورٹ پر ترقیاتی کام شروع کرا دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر سیاحت کے فروغ کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اہم اقدامات کرتے ہوئے سیدو شریف (سوات) ایئرپورٹ، پارہ چنار اور چترال ایئرپورٹ پر ترقیاتی کام شروع کرا دیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ 8 کروڑ روپے کی لاگت سے سوات ایئرپورٹ کو قابل استعمال بنانے کیلئے کام کا آغاز کردیا گیا ہے، سوات اور پارہ چنار ایئرپورٹ 2 ماہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا۔

سوات ایئرپورٹ کو سیاحت کا گیٹ وے کہا جاتا ہے، سوات ایئرپورٹ کو1978ء میں تعمیر کیا گیا تھا، بعد ازاں امن و امان کی صورتحال کے باعث 2004ء میں سیدو شریف ایئرپورٹ کو بند کر دیا گیا تھا۔ پارہ چنار ایئرپورٹ کو بھی 2004ء میں امن و امان کی صورتحال کے باعث بند کرنا پڑا تھا، سیکریٹری ایوی ایشن کی ہدایت پر اعلیٰ سطح کمیٹی نے سیدو شریف اور چترال ایئرپورٹ کا دورہ کیا۔ اعلیٰ سطح کمیٹی نے ایئرپورٹ کے رن وے کی تعمیر، ٹرمینل بلڈنگ اور کنٹرول ٹاور کا بھی سروے کیا، اعلیٰ سطح کمیٹی میں انجینئرز، ماہرین اور ایڈمنسٹریٹیو کے ارکان شامل ہیں۔

اطلاعات کے مطابق سوات اور پارہ چنار ایئر پورٹ پر سیاحت کے فروغ کیلئے نیوایوی ایشن پالیسی کے تحت ایئر لائنز کو مراعات بھی دی جائیں گی، اس کے علاوہ مختلف ایئرلائنز کو لینڈنگ، چارجنگ اور پارکنگ سمیت دیگر مراعات بھی فراہم کی جائیں گی۔ سول ایوی ایشن ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، سوات میں سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ موسم سرما میں اسکیٹنگ کیلئے36 ممالک نے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا۔

واضح رہے کہ غیر ملکی سیاحوں نے بھی سوات اور دیگر تفریحی مقامات پر فضائی سفری سہولیات کیلئے حکومتی سطح پر رابطے کئے تھے۔

Facebook Comments