افطار کی آڑ میں چوروں نے کرپشن بچانے کیلئے مجلس رکھی ہوئی تھی! مراد سعید

20مئی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے کہ افطار کے نام پر اپنی اپنی کرپشن بچانے کیلئے چوروں کی مجلس ہو رہی تھی، لیکن چوروں کو قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کرنی پڑے گی۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ عمران خان نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ آپس میں نورا کشتی کھیلتے ہیں، ان کی کرپشن پر ہاتھ ڈالاجائے تو یہ سب اکٹھے ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو پتہ ہے کہ ان کے ابو جلد جیل جانے والے ہیں اور مریم نواز کے والد کرپشن کے الزام پر اس وقت جیل میں ہیں، ایک کے ابو جیل میں جاچکے دوسرےکے پہنچنے والے ہیں، اپنی کرپشن بچانے کیلئے چوروں کی مجلس ہورہی تھی، جعلی اکاؤنٹس اور ٹی ٹی والا بھی اجلاس میں شریک تھا۔

انکا کہنا تھا کہ نقیب اللہ محسود کا قاتل آصف زرداری کے بغل میں بیٹھا رہا، محسن داوڑ، نقیب اللہ کے والد کی آواز کیوں نہیں بنے، زرداری کا پیٹ پھاڑ کر پیسہ نکلوانے والے شخص کا بیٹا بھی پیٹ بھرنے پہنچا ہوا تھا، دین کا لبادہ اوڑھ کرایمان کی تجارت کرنے والا ٹولہ بھی موجود تھا۔

مراد سعید نے کہا کہ جتنی مرضی ضیافتیں اڑا لیں، رعایت ملے گی نہ ہی کوئی سمجھوتہ ہوگا، چوروں کوقوم کی لوٹی گئی دولت واپس کرنا ہوگی، 2009ء میں وزیرستان آپریشن متاثرین کی بحالی حکومتی ذمہ داری تھی۔ مسلح افواج نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا،اس کے بعد ذمہ داری حکومت کی تھی، کیا پی پی نے اپنےدور میں وزیرستان متاثرین کیلئے کچھ کیا؟ محسن داوڑ نے آج وزیرستان متاثرین کیلئے آواز کیوں نہیں اٹھائی؟

Facebook Comments