پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑے پیمانے پر جعلی کولڈ ڈرنکس بنانے والی فیکٹری پکڑ لی

Fake Cold Drinks
19مئی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (لاہور) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کاروائی کرتے ہوئے معروف برانڈ کی جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس بنانے والی فیکٹری پکڑ لی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی محمد عثمان کی سربراہی میں ٹیم نے لاہور کے مضافاتی علاقے باوا دی کٹیا گاؤں میں کاروائی کی، جس کے نتیجے میں جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس بنانے والی فیکٹری کو بند کرتے ہوئے مضر صحت ڈرنکس پکڑ لیں۔ اس آپریشن کے دوران 20 ہزار سے زائد لیبلز اور ڈھکن سمیت 50 کلو مصنوعی فلیورز اور کیمیکلز برآمد کئے گئے جو کینسر، السر اور انتڑیوں کی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔

ڈی جی فوڈز کے مطابق شہر کے مضافاتی علاقے میں جعلی یونٹ لگایا گیا تھا جہاں گندے پانی، کیمیکلز، مصنوئی فلیورز اور رنگ سے جعلی مشروب بنایا جا رہا تھا۔ ڈی جی فوڈز کا کہنا ہے کہ معروف برانڈ کے مشروب کی بڑی کھیپ عید کیلئے بنائی جا رہی تھی، کاروائی کرتے ہوئے 5 ہزار سے زائد جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس کی بوتلوں کو تلف کیا گیا جبکہ گیس سلنڈر، فلنگ مشین، کمپریسر اور موٹر بھی ضبط کر لی گئی ہے۔ ڈی جی فوڈز محمد عثمان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے اور جعلی کولڈ ڈرنکس کا کاروبار جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پورے جذبے کے ساتھ کام کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ماہ میں 3 لاکھ کے قریب جعلی کولا ڈرنکس پکڑی گئی ہیں، پنجاب صرف معیاری خوراک کا کاروبار کرنے والوں کا صوبہ ہے اور یہاں صحت دشمنوں کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

Facebook Comments