سارے چور افطار ڈنر میں حکومت کو بلیک میل کرنے کیلئے اکٹھے ہو رہے ہیں! وزیر اعظم

19مئی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لوگوں کو بلاول اور مریم نواز کے افطار ڈنر میں ملنے پر حیران ہونے کی ضرورت نہیں، کرپٹ ٹولہ اب اکھٹا ہو رہا ہے، تاہم عوام کبھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبر پختونخوا کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپٹ سیاسی مافیا معیشت کے ذریعے بلیک میل کرنا چاہتا ہے، پرانے نظام سے فائدہ اٹھانے والا سیاسی مافیا نئے نظام کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم 10 سال میں تباہ کی گئی معیشت کو ٹھیک کر رہے ہیں، ماضی کی غلط اقتصادی پالیسیوں کی بدولت آج ملک کی یہ حالت ہوئی ہے، یہ سارے چور اکٹھے ہونا چاہتے ہیں لیکن عوام کبھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ سردار اختر مینگل بلاول بھٹو کی دعوت افطاری میں شرکت نہیں کریں گے! وجہ سامنے آ گئی

یاد رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر اپوزیشن جماعتیں اسلام آباد میں افطار ڈنر میں شریک ہوں گی۔ کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے معاہدے کو بہترین قرار دیا اور کہا کہ عنقریب برآمدات میں بہتری، ترسیلات زر میں اضافہ اور معیشت بہتر ہو جائے گی۔ انہوں نے اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں پر نظر رکھنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کاروائی کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ وہ اسی قوم سے ملک کو چلانے کیلئے پیسہ اکٹھا کر کے دکھائیں گے۔

Facebook Comments