اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا نیوزی لینڈ کے ہم منصب کو تعزیتی خط

17مارچ2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (صوابی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نیوزی لینڈ میں دہشتگردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے اسپیکر اسمبلی کو تعزیتی خط بھیج دیا ہے۔

تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ “میں نیوزی لینڈ میں دہشت گردانہ واقعے کی مذمت کرتا ہوں، نیوزی لینڈ کے اسپیکر اسمبلی کو تعزیتی خط بھیج دیا ہے۔”

اسد قیصر نے کہا کہ دنیا پر یہ واضح ہونا چاہیئے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، خطرہ یہ ہے کہ یورپ میں لوگ انتہا پسندی کی طرف بڑھ رہے ہیں، عالمی رہنماؤں کو اس بارے میں سوچنا ہو گا۔

یاد رہے کہ ڈپٹی ہائی کمشنر معظم شاہ کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں ہونے والے دہشت گرد واقعے میں 6 پاکستانی شہید، ایک زخمی جبکہ 3 لاپتہ ہیں۔

ڈپٹی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے عوام کی جانب سے بہت مدد کی جا رہی ہے، دوسری طرف شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہائی کمشنر نیوزی لینڈ کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، شہدا کے لواحقین کے لیے ویزا سسٹم میں آسانی کو یقینی بنائیں گے، دیکھنا یہ ہوگا کہ اس دہشت گردی کے واقعے کے پیچھے کیا محرکات ہیں؟ پاکستان اور ترکی او آئی سی (آرگنائزیشن آف اسلامک کارپوریشن) کا ہنگامی اجلاس بلائیں گے۔

Facebook Comments