بدترین ٹریفک حادثے نے ایک ہی خاندان کے کئی افراد کی جان لے لی

16اپریل2019
(فوٹو ڈیلی ٹائمز)

ویب ڈیسک: (کوئٹہ) صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع مستونگ کے علاقے گھانہ دوری میں ایک مسافر وین اور ٹرک کے مابین تصادم ہوا۔ اس حادثے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال اور کوئٹہ کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں زخمیوں کی آمد کے باعث مذکورہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

مذکورہ حادثے میں مسافر وین مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ متاثرین میں سے بیشتر کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا جو کراچی سے قلعہ عبداللہ جا رہے تھے۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں سڑکوں کی خراب حالت کے باعث یہاں اس طرح کے حادثات معمول کی بات ہیں، خاص طور پر کوئٹہ سے کراچی کو ملانے والی ہائی وے انتہائی خطرناک سمجھی جاتی ہے۔ گذشتہ روز بھی کراچی کوئٹہ ہائی وے پر متعدد حادثات کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

Facebook Comments