نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم! وزیر اعظم نے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کر دیا

15جولائی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) وزیر اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کے پیشِ نظر آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے ملک بھر میں تنخواہ دار اور متوسط طبقے کے افراد کو گھروں کی تعمیر کے حوالے سے وسائل اور گھروں کی طلب کے بارے میں معلومات حاصل ہو سکیں گی جس کے بعد یہ اسکیمیں شروع کی جائیں گی۔ اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ و ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت آن لائن رجسٹریشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں زیادہ تر لوگ گھر بنانے کی استطاعت نہیں رکھتے جبکہ مختلف وجوہات کی بنا پر ہمارا بینکنگ کا نظام گھر بنانے کیلئے فنانسنگ نہیں کر رہا تھا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ وزیر اعظم نے رینالہ خورد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کا افتتاح کر دیا

انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں صرف وہی لوگ گھر بنا سکتے تھے جن کے پاس نقد رقم موجود تھی، تاہم اس حوالے سے نیا آرڈیننس لا رہے ہیں جس کی کابینہ منگل کو منظوری دے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اس آرڈیننس سے گھروں کی تعمیر کیلئے فنانسنگ کا عمل آسان ہوگا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ وزیر اعظم عمران خان نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کر دیا

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت ایک کروڑ سے زائد نئے گھروں کی ضرورت ہے، جبکہ نیا پاکستان ہاﺅسنگ منصوبے کے تحت ہم نے بے گھر افراد کیلئے گھر بنانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں گھروں کی کتنی ضرورت ہے اس بارے میں معلومات لیں گے، اسی حوالے سے یہ رجسٹریشن شروع کی جا رہی ہے جس کے تحت لوگ اپنے وسائل سے آگاہ کریں گے کہ وہ کتنی ماہانہ رقم دے سکتے ہیں، پھر ان وسائل اور استعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم یہ اسکیمیں شروع کریں گے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں قرعہ اندازی کے ذریعے 10 ہزار خاندانوں کو گھر دیں گے جو ڈیڑھ سال کی مدت میں اپنے گھروں کے مالک بن جائیں گے۔

Facebook Comments