ظلم کی انتہا! پاگل کتے کو مارنے پر پنچایت نے غریب آدمی کو کتنا جرمانہ کر دیا؟

dog
15مارچ2019

ویب ڈیسک : (ساہیوال) ضلع ساہیوال کے علاقے ڈیرہ رحیم کے رہائشی امین کو پاگل کتے نے کاٹ لیا،جس پر علاقہ مکینوں نے مل کر کتے کوتو مار ڈالا مگر کتے کے بااثر مالک نے امین کے اہلخانہ پر پرچہ کٹوا دیا۔

تفصیلات کے مطابق امین کو پاگل کتے نے کاٹا جس کے بعد اُسے ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا البتہ ڈاکٹرز نے روایتی غفلت کا مظاہرہ کیا،اور کہا کہ اُن کے پاس انجیکشن یا کوئی دوا نہیں اس پر امین کے اہلخانہ اسے لے کر واپس گھر آگئے،قریبی رشتے دار نے بتایا کہ امین کو گھر لانے کے بعد اُس کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہوئی اور پھر وہ سب کو کاٹنے لگا جس کے بعد اُسے زنجیروں سے باندھنا پڑا۔

امین اب مکمل پاگل ہوچکا ہے اور اب اُس کا کوئی علاج بھی ممکن نہیں ہے،پاگل کتے کو علاقہ مکینوں نے مل کر ہلاک کیا تو بااثر زمیندار نے الٹا اہل خانہ کے خلاف مقدمہ درج کروایا اور پنچایت سے امین کے اہل خانہ کے خلاف فیصلہ کروایا۔ پنجائیت نے کتے کے مرنے کے عوض پچاس ہزار روپے ادا کرنے کا حکم دیا-

امین کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ اُن کی تین بیٹیاں اور ایک معذور بیٹا ہے، وہ خود ٹی بی کی مریضہ ہیں اور بمشکل گزارا کرنا پڑتا ہے.

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے بھینس فروخت کر کے پنچایت کو 50 ہزار روپے جرمانہ ادا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ خاوند کو رسیوں سے باندھ کر رکھا ہوا ہے، اگر اُسے کھولا جائے تو وہ کسی کو بھی کاٹ لیتا ہے،متاثرہ خاندان اور اہل علاقہ نے حکام سے انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بااثر زمیندار نے علاج و معالجے کے بجائے الٹا مقدمہ درج کراویا اور پچاس ہزار روپے بھی ہتھیا لیے،ہمیں فوری انصاف فراہم کیا جائے۔

Facebook Comments