ہم نے کوئی چوری یا ڈکیتی نہیں کی کہ عوام سے کچھ چھپائیں! فردوس عاشق اعوان

14مئی2019
(فوٹو فائل)

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ تبدیلی سرکار عوام سے کچھ نہیں چھپائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفننگ سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم تبدیلی سرکار ہیں، ہم کسی جگہ پر بھی ابہام نہیں رکھنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چوری یا ڈکیتی نہیں کی جو کسی سے چھپائیں، ہمیں چھپانے کی ضرورت نہیں، ہم فرنٹ فٹ پر آ کر اپوزیشن کو جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کو یہ بھی بتانا ہوگا کہ عمران خان کی ٹیم جو بوجھ اٹھا کر چل رہی ہے اسے لادنے والے کون لوگ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی اور کے کندھے پر بندوق چلانے والے نہیں، ہم سیاسی کھلاڑی ہیں،عوام کی جنگ سیاسی اکھاڑے میں بھی لڑیں گے اور پارلیمنٹ میں بھی لڑیں گے۔ مشیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم کو مہنگائی کا احساس ہے، انہوں نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کے تعین کیلیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم اصلاحات چاہتے ہیں، موجودہ اقدامات سے معیشت آئی سی یو سے باہر نکلے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے عالمی معاہدوں سے متعلق وزارتوں اور اداروں کو خصوصی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے قومی ائیرلائن کے چارٹر اور ایریل ورک لائسنس تجدید، پی ٹی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے قیام، میجر جنرل عمر احمد کو ڈی جی رینجرز سندھ تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے چینی عطیہ کئے گئے انسداد منشیات سامان پر ڈیوٹی چھوٹ دینے اور اوورسیز پاکستانی قیدیوں کو قونصلر رسائی کی پالیسی کی بھی منظوری دی ہے۔

Facebook Comments