عوام کی فوجی کیپس پہننے کی خواہش اور میجر جنرل آصف غفور کا ردِ عمل

Major General Asif Ghafoor
14مارچ2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (راولپنڈی) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم نے پی ایس ایل فائنل میں کھلاڑیوں کو ملٹری شرٹس اور کیپس پہنائے جانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے،جس پر ہم اپنی قوم کے مشکور ہیں تاہم مسلح افواج سے محبت ان حربوں کی محتاج نہیں،کھیل کو سیاست سے دور رکھنا چاہیئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئٹر پر پاکستانیوں کی جانب سے پی ایس ایل کے فائنل میچ میں کھلاڑیوں کو فوجی کیپ اور شرٹس پہننے کی خواہش کے اظہار کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں کا پیار سر آنکھوں پر لیکن کھیل کو سیاست سے دور رکھنا چاہیئے۔

انہوں نے ٹوئٹ میں پاکستان زندہ باد کا ہیش ٹیگ استعمال کرتے ہوئے پیغام جاری کیا کہ پیارے پاکستانی پی ایس ایل فائنل میں فوجی کیپس، شرٹس پہننے کی خواہش رکھتے ہیں، پاک مسلح افواج کو قوم کی محبت اور حمایت کا بخوبی اندازہ ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ “پاکستانی قوم کی مسلح افواج سے محبت سر آنکھوں پر، مسلح افواج سے قوم کی محبت ایسے اقدامات کی محتاج نہیں، ہمیں یقین ہے آپ اور ہمارا تعلق ان چیزوں سے بالاتر ہے، کھیل سیاست سے پاک ہونے چاہئیں،روشنیوں کے شہرمیں کھیل سے بھرپور لطف اندوز ہوں،کھیل کو کھیل کے طور پر انجوائے کریں”۔

یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستانی عوام کی بڑی تعداد نے ملٹری کیپ پہن کر میچ دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، سوشل میڈیا پر یہ مہم بھارتی کرکٹ ٹیم کے آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فوجی ٹوپیاں پہن کر شریک ہونے کے جواب میں شروع کی گئی تھی.

یہ بھی یاد رہے کہ اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کے میچ میں بورڈ سے اجازت لے کر فوجی کیپس پہنی تھیں،فوجی کیپس پہننے کے باوجود بھارتی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کےہاتھوں رسوا ہوئی، جبکہ بھارت کی اس ہار میں کلیدی کردار ادا کرنے والے پاکستانی نژاد عثمان خواجہ تھے جنہوں نے میچ میں سینچری اسکور کی۔

Facebook Comments