امیر اور غریب کیلئے ایک جیسا قانون ہونا چاہیئے! وزیر اطلاعات فواد چوہدری

Fawad Chaudhary
14مارچ2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) وفاقی وزیر اطلاعات ن نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ امیر آدمی کیلئے جیل کسی فائیو اسٹار ہوٹل سے کم نہیں جبکہ غریب آدمی کیلئے گھر بھی جیل کی صورت اختیار کر چکا ہے،امیر اور غریب آدمی کیلئے انصاف کا ایک ہی ترازو ہونا چاہیئے،ججوں کو روایتی سوچ سے ہٹ کر فیصلے کرنے ہوں گے۔

تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ عدالتی نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہے اور جس حکومت کا خیال ہے کہ عدالت کےبغیر ہی اصلاحات آ سکتی ہیں تو ایسا ممکن نہیں،عدالتی نظام میں اصلاح ہو گی تو عام آدمی کا بھلا ہوگا، اسلام آباد بار میں بھی لوگ بڑے عہدوں پر رہے لیکن وہ اپنے گھروں کو ہی خوبصورت بناتے رہے بار کی طرف کسی نےدھیان ہی نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حالات اب بہترہو رہے ہیں، پاکستان کے ہر طبقے نے دہشت گردی کی جنگ میں اپنا خون دیا، وکلا نے بھی دہشت گردی کی جنگ میں قربانیاں دیں،ہال کا نام شہدا کے نام پر رکھنے پر وکلا کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے ملک میں امیر کے لیے جیل فائیو اسٹار ہوٹل جبکہ غریب کے لیے گھر بھی جیل ہے، وزیراعظم ہاؤس کو اتنی بڑی جگہ پر بنا دیا گیا ہے،11 سو کنال میں بنے وزیراعظم ہاؤس کو کم کرنے کی جب بات کی جاتی ہے تو اعتراضات کئے جاتے ہیں،امیر اور غریب آدمی کے لئے الگ الگ انصاف نہیں ہونا چاہیے، ججز بھی روایتی سوچ لے کر چل رہے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ ہم میں بھی خامیاں ہوں گی لیکن وزیراعظم عمران خان کی نیت پر شک نہیں کیا جاسکتا، وزیراعظم نیک نیت آدمی ہیں،ان کا دل عوام کے لئے دھڑکتا ہے،ملک میں اس وقت عمران خان سے بہتر شخص ہمیں نہیں مل سکتا، ہم تمام بحرانوں پر قابو پائیں گے، تحریک انصاف کی حکومت جب پانچ سال پورے کرے گی تو فرق واضح نظر آئے گا،اب تک تحریک انصاف کی حکومت کا ایک بھی اسکینڈل سامنے نہیں آیا،اب تو خزانہ بھی حیران ہوتا ہو گا کہ کوئی اسے لوٹتا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن روکنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، انتقامی سیاست کی بات کرنے والے صرف الزام تراشیاں کر رہے ہیں،ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے ایک دوسرے پر مقدمات بنائے،بلاول کہتے ہیں کہ جیل بھرو تحریک شروع کررہے ہیں،سندھ میں تو تحریک کی بھی ضرورت نہیں ویسے ہی جیل بھرنے والی ہے،لگتا ہے سندھ کی قیادت خود ہی جیلوں میں آ رہی ہے۔

Facebook Comments