آئی ایم ایف سے معاہدے میں کیا حاصل ہوا؟ اسد عمر قوم کو بتائیں گے

13مئی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین منتخب ہونے کے بعد سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ وہ آئی ایم ایف (بین الاقوامی مالیاتی فنڈ) سے معاہدے سے متعلق قوم کو آگاہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق فیض اللہ کاموکا کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں اسد عمر کو متفقہ طور پر کمیٹی کا نیا چیئرمین منتخب کر لیا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن کمیٹی نوید قمر نے اسد عمر کا نام تجویز کیا، جس کی سردار نصراللہ دریشک نے بھی حمایت کی۔ اجلاس کے دوران آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے سے متعلق بات کرتے ہوئے رکن نفیسہ شاہ نے کہا کہ ‘آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہوچکا ہے لیکن وزارت خزانہ تاحال اس معاہدے پر خاموش ہے۔’

انہوں نے کہا کہ اسد عمر اس معاہدے کے مذاکرات کا حصہ تھے لہٰذا وہ قوم کو آئی ایم ایف معاہدے کے حقائق سے متعلق بتائیں۔

فیض اللہ کاموکا کا کہنا تھا کہ اسد عمر کو وزیر خزانہ کے طور پر کام کرنا چاہیئے تھا، معیشت سے متعلق فیصلے کسی اور کو نہیں کرنے چاہیئں بلکہ یہ فیصلے یہاں پارلیمنٹ میں ہونے چاہیئں جبکہ وزارت خزانہ میں ہونے والی تقرریوں کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے۔ اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ دفاعی بجٹ پر مذاکرات نہیں ہوئے، آئی ایم ایف کے ساتھ کیا مذاکرات کئے گئے اور کیا معاہدہ ہوا اس سے متعلق قوم کو آگاہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے پر پہلے حکومت کو کچھ کہنا چاہیئے جبکہ معاہدے میں کیا حاصل ہوا ہے میں اس بار میں عوام کو بتاؤں گا۔

Facebook Comments