پاکستان ریلوے کی بھرتی پالیسی تبدیل، نوٹیفکیشن جاری

06جولائی2019
(فوٹو بشکریہ گوگل)

ویب ڈیسک: (لاہور) پاکستان ریلوے کی بھرتی پالیسی میں تبدیلی کر دی گئی ، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق ریلوے میں گریڈ ایک سے پانچ تک کی اسامیوں پر نئی بھرتی ٹیسٹ اور انٹرویو کی بجائے قرعہ اندازی کے ذریعے ہو گی۔

ریلوے کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ قرعہ اندازی میں نام نکلنے کی صورت میں میڈیکل کے بعد امیدوار کو ملازمت مل جائے گی۔ ریلوے ذرائع کے مطابق ریلوے میں 10 ہزار سے زائد اسامیوں کے لیے 9 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، لاکھوں بے روزگاروں کا ٹیسٹ اور انٹرویو لینا عملاً ممکن نہیں، ریلوے نے وفاقی حکومت کو اس صورت حال سے آگاہ کیا تھا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے : شیخ رشید احمد نے ریلوے میں بھرتیوں کے حوالے سے اعلان کر دیا

وفاقی حکومت نے ریلوے کی استدعا پر انہیں قرعہ اندازی کے ذریعے بھرتی کرنے کی منظوری دی ہے، پہلا موقع ہے کہ ریلوے میں بھرتیوں کے لیے قرعہ اندازی ہوگی۔

یاد رہے چند روز قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ہم نے ریلوے کے خسارے میں 4 ارب کی تاریخی کمی کی ہے، آمدن میں اضافہ ہو جائے تو ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کروں گا۔

Facebook Comments