رانا ثناء اللہ کی تصویر لیک ہونے پر مریم نواز کی کڑی تنقید

06جولائی2019
(فوٹو بزنس ریکارڈر)

ویب ڈیسک: (لاہور) مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کو مبینہ طور پر ’غیر انسانی حالات‘ میں رکھا جارہا ہے ۔ مریم نواز کو یقین ہے کہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ان کی لیک ہونے والی تصویر کے پیچھے ان لوگوں کا ہاتھ ہے جنہوں نے ان کے بھائی حسین نواز کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیشی ہونے کی تصویر لیک کی تھی۔

ڈان نیوز کے مطابق رانا ثنا اللہ کی اہلیہ نبیلہ اور مسلم لیگ (ن) کے کچھ اراکین اسمبلی نے کیمپ جیل کے باہر کئی گھنٹوں تک موجود رہے اور جیل انتظامیہ کو اپنے ہمراہ لایا گیا گھر کا کھانا اور ادویات انہیں فراہم کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کی۔تاہم انکار پر انہوں نےاحتجاج اور جیل انتظامیہ پر زور دیا کہ رانا ثنا اللہ دل کے مریض ہیں لہٰذا ان کو گھر کی غذا اور ادویات دینے کی اجازت دی جائے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں انہیں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

رانا ثنا اللہ کے داماد رانا شہریار کا کہنا تھا کہ ’پہلے جیل انتظامیہ نے رانا ثنا اللہ کے وکیل کو اجازت دینے سے انکار کیا اور انہیں میجسٹریٹ سے نیا حکم نامہ لانے کو کہا اور جب ہم انہیں کھانا اور ادویات دینے پہنچے تو ہمیں بھی صاف انکار کردیا گیا‘۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: رانا ثنا اللہ گرفتار! گرفتاری کی اہم وجہ سامنے آ گئی

ان کے مطابق ’رانا ثنا اللہ نے انہیں بتایا کہ انہیں ایک چھوٹے سے سیل میں رکھا جارہا ہے جہاں بیڈ بھی موجود نہیں اور ہوا کی آمدو رفت نہ ہونے کی وجہ سے انہیں گھٹن محسوس ہوتی ہے اور انہیں پینے کے لیے صاف پانی بھی نہیں دیا جارہا۔ وہ کافی کمزور لگ رہے تھے اور ان سے چلا بھی نہیں جا رہا تھا۔

خیال رہے کہ انسداد منشیات فورس نےرانا ثنا اللہ کو لاہور سے فیصل آباد جاتے ہوئے ان کی کار سے مبینہ طور پر 15 کلو منشیات برآمد ہونے پر حراست میں لیا تھا۔

Facebook Comments