کیا پاکستان میں ہونے والا یہ سب سے مہنگا شکار ہے؟

06فروری2019
(فوٹو بشکریہ جنگ ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے)

ویب ڈیسک: (گلگت بلتستان) امریکی شہری نے گلگت بلتستان میں ایک لاکھ دس ہزار امریکی ڈالرز دے کر پاکستان کے قومی جانور مارخور کا شکار کیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی شہری برائن کنسل ہارلن نے ایک لاکھ دس ہزار امریکی ڈالرز جو پاکستانی کرنسی کے مطابق ایک کروڑ 52لاکھ روپے بنتے ہیں اداکر کے پاکستان کے قومی جانور مارخور کا شکار کیا،ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں شکار کے پرمٹ کے حصول کیلئے اب تک کی دی جانے والی یہ سب سے بڑی رقم ہے۔

محکمہ جنگلی حیات کے مطابق برائن نے گلگت بلتستان کے علاقے ہارا موش میں خوبصورت مارخور کا شکار کیا۔

برائن کنسل کا کہنا ہے کہ پاکستان نہایت خوبصورت ملک ہے جو امریکی پاکستان نہیں آتے وہ بہت کچھ مِس کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ مارخور پاکستان کا قومی جانور ہے جو جنگلی بکرے کی ایک قسم ہے،یہ جانور پاکستان کے شمالی علاقوں گلگت بلتستان،ضلع چترال،وادئ کیلاش،وادئ ہنزہ سمیت دیگر شمالی علاقوں کے علاوہ وادئ نیلم کے بالائی علاقوں میں پایا جا تا ہے۔

Facebook Comments