رانا ثنا اللہ گرفتار! گرفتاری کی اہم وجہ سامنے آ گئی

01جولائی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (لاہور) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حراست میں لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کو اے این ایف نے حراست میں لے لیا ہے، اے این ایف کے ترجمان نے حراست میں لئے جانے کی تصدیق کر دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو سکھیکی کے قریب سے حراست میں لیا، اینٹی نارکوٹکس فورس نے یہ کاروائی منشیات فروشوں کے خلاف حالیہ آپریشن کے بعد کی ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ شریف برادران اور رانا ثناء اللہ کو پھانسی کیوں ہو گی؟ فیاض الحسن کی پیشگوئی

رانا ثنا اللہ کے اہل خانہ نامعلوم مقام پر منتقل ہو گئے ہیں، اہلیہ، بیٹی، داماد اور بچے 3 گاڑیوں پر گھر سے روانہ ہوئے، داماد احمد شہریار کو رانا ثنا کا سیاسی جانشین سمجھا جاتا ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ رانا ثنا اللہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے استعفے کا مطالبہ کر دیا

ترجمان اے این ایف نے بتایا کہ رانا ثنا اللہ کو ریجنل ڈائریکٹوریٹ پنجاب نے موٹر وے سے حراست میں لیا، گرفتاری سے متعلق تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔ رانا ثنا اللہ کو ریجنل ڈائریکٹوریٹ لاہور یا پنڈی منتقل کئے جانے کا امکان ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی رہنما کا منشیات کے اسمگلروں کے ساتھ تعلقات کا انکشاف ہوا ہے، اسمگلرز فیصل آباد میں رانا ثنا کے ڈیرے پر بھی پناہ لیتے تھے، رانا ثنا و دیگر افراد کی تفتیش بریگیڈیئر خالد محمود کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری منشیات اسمگلر کے تفتیش میں نام اگلنے کے بعد عمل میں آئی ہے، رانا ثنا کے قریبی ساتھیوں کو بھی اے این ایف گرفتار کرے گی۔

Facebook Comments