ترجمان طالبان کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق اہم بیان سامنے آ گیا

Sohail Shaheen
03ستمبر2021
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (کابل) ترجمان طالبان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ کشمیرتو کیا دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے آواز بلند کرنے کا حق رکھتے ہیں، بھارتی میڈیا اس وقت صرف طالبان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے۔ ترجمان طالبان سہیل شاہین نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بیان دے کر بھارت کی نیندیں حرام کر دیں۔

تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کیلئے آواز بلند کرنے کا حق رکھتے ہیں، کسی بھی ملک کے خلاف مسلح آپریشن کی کوئی پالیسی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت مسلمان بھی برابری کے حقوق کے مستحق ہیں، حقانیوں کے خلاف پروپیگنڈا محض دعوؤں پر مبنی ہے، حقانی کوئی گروپ نہیں وہ اسلامی امارت کا حصہ ہیں۔

سہیل شاہین نے مزید کہا کہ طالبان کا 1999ء میں بھارتی طیارے کے اغوا میں کوئی کردار نہیں تھا، 1999ء میں ہائی جیکنگ کیس میں ہم نے مدد فراہم کی تھی، بھارت کو ہمارا شکر گزار ہونا چاہیئے۔

ترجمان طالبان نے کہا کہ طالبان مخالف پروپیگنڈا صرف بھارتی میڈیا پر کیا جا رہا ہے، پنجشیر وادی میں صورت حال پریشان کن ہے، ہم نے کوئی ہٹ لسٹ تیار نہیں کی ہوئی۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ترجمان افغان طالبان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ افغان شہریوں کی جان و مال محفوظ ہیں، جنگجوؤں کو مطلع کر دیا ہے کہ کوئی بھی شہریوں کے گھروں میں بغیر اجازت داخل نہیں ہو گا۔

Facebook Comments