افغانستان کے مشرقی صوبے میں سیکیورٹی فورسز کا حملہ! متعدد جاں بحق، درجنوں زخمی

19ستمبر2019
(فوٹو : فائل اے ایف پی)

ویب ڈیسک: (ننگرہار)افغانستان کے مشرقی علاقے میں افغان سیکیورٹی فورسز نے امریکی فضائیہ کے تعاون سے فضائی حملے کیے، جس میں 30 شہری ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے سرکاری حکام نے بتایا کہ گذشتہ رات ہونے والے حملے کا مقصد داعش کے خفیہ ٹھکانے کو نشانہ بنانا تھا، تاہم غلطی سے ننگرہار صوبے کے ضلع خوگیانی کے علاقے وزیر تانگی کے کسان اس کی زد میں آ گئے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ افغانستان میں طالبان کی بڑھتی ہوئی کاروائیاں! متعدد فوجی ہلاک کئی لاپتہ

مشرقی ننگرہار کے صوبائی کونسل کے رکن سہراب قادری کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے میں چلغوزے کے باغ میں کام کرنے والے 30 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ امریکہ افغانستان میں خواتین اور بچوں کو بھی ہلاک کر رہا ہے۔ اقوامِ متحدہ

کابل میں وزارتِ دفاع نے افغان اور امریکی فورسز کی جانب سے کیے گئے اس حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ اس کا ہدف داعش کا ٹھکانا تھا۔ تاہم انہوں نے حملے میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تفصیلات دینے سے انکار کر دیا۔

ننگرہار صوبے کے صوبائی گورنر نے بھی فضائی حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ حکومت سانحے کی تحقیقات کر رہی ہے، اب تک جائے وقوع سے 9 لاشیں مل چکی ہیں۔

دوسری جانب کابل میں موجود امریکی فورسز معاملے پر رائے دینے کے لیے فوری طور پر دستیاب نہیں ہو سکیں۔

وزیر تانگی میں قبائلی سربراہ ملک راحت گل کا کہنا تھا کہ فضائی حملہ ایسے وقت میں ہوا جب باغ میں کام کرنے والے مزدور تھک کر ایک جگہ بیٹھ کر آرام کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ مزدوروں نے لکڑی جلا رکھی تھی اور ایک ساتھ بیٹھے تھے کہ ڈرون نے ان پر حملہ کر دیا۔

Facebook Comments