سعودی عرب نے غیرملکی حاجیوں کیلئے اہم ترین اعلان کر دیا

Hajj 2020
27جولائی2020
(فوٹو : عرب نیوز)

ویب ڈیسک: (ریاض) سعودی عرب کی حکومت نے مملکت میں مقیم غیرملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ حج کے مقامات پر بغیر اجازت جانے والے تارکین وطن کو ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے محکمہ امن عامہ نے مملکت میں مقیم غیرملکیوں کو بغیر اجازت حج مقامات پر جانے کے سنگین نتائج سے خبردار کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق محکمہ امن عامہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جو غیرملکی حج ہدایات کی خلاف ورزی کرے گا اسے کڑی سزا دی جائے گی، حج اجازت نامے کے بغیر منٰی، مزدلفہ، عرفات یا مکہ جانے پر غیر ملکی کارکن کو سعودی عرب سے بے دخل کر دیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق ہدایت کی خلاف ورزی کرنے والے شخص کو ڈی پورٹ کرنے کے ساتھ خاص مدت کیلئے بلیک لسٹ بھی کیا جائے گا، جس کے بعد وہ کسی بھی ویزے پر سعودی عرب نہیں آ سکے گا‘۔

حج کو محدود کرنے یا مقامات پر غیر متعلقہ افراد کی پابندی کا مقصد بین الاقوامی برادری کو بھی کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچانا ہے۔

یاد رہے کہ ہفتے کو بغیر اجازت حج مقامات پر جانے والے 16 تارکین پر جرمانے عائد کیے گئے تھے۔

ترجمان امن عامہ کے مطابق تارکین وطن کو پہلے ہی متنبہ کیا جا چکا ہے کہ وہ اجازت نامے کے بغیر حج کے کسی بھی مقام پر نہ جائیں، پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 16 تارکین پر فی کس دس ہزار ریال جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ حج مقامات پر داخلے کی پابندی کا نفاذ گذشہ ماہ ذوالقعدہ کی 28 تاریخ سے کیا گیا ہے جو 12 ذوالحجۃ تک نافذ العمل ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ سعودی عرب میں عید الاضحٰی کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا

یاد رہے کہ سعودی عرب نے کورونا کی وبا کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کا اعلان کیا تھا۔ رواں سال صرف دس ہزار افراد کو فریضہ مقدسہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل ہو گی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ سعودی حکومت نے سال 2020ء کے حج کیلئے نئے ایس او پیز جاری کر دیئے

عازمین کا انتخاب خودکار طریقے سے کیا گیا، جن میں 30 فیصد مقامی اور 70 فیصد غیر ملکی تارکین ہیں۔ منتخب عازمین کے پہلے گروپ کو ہفتے کے روز مکہ مکرمہ پہنچا دیا گیا ہے۔ جہاں وہ ایامِ حج کے آغاز سے قبل ایک ہوٹل میں علیحدہ علیحدہ کمروں میں مقیم ہیں۔

Facebook Comments