افغان فوجی کیمپ پر راکٹ لانچر حملہ، بریگیڈیئر عبدالناصر نورستانی ہلاک

30نومبر2020
فوٹو ایکسپریس

ویب ڈیسک: (کابل) افغانستان کے صوبے بدغیث کے فوجی اڈے پر راکٹ لانچر سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں بریگیڈیئر عبدالناصر نورستانی ہلاک اور 10 اہلکار زخمی ہو گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبے بدغیث کے علاقے بالامرغا میں واقع فوجی کیمپ پر جنگجوؤں نے راکٹ لانچر سے حملہ کر دیا، حملہ اتنا اچانک تھا کہ افغان فوج کو سنبھلنے اور جوابی کارروائی کا موقع نہیں مل سکا۔

راکٹ لانچر حملے میں افغان فوج کی انفینٹری بریگیڈ سوم کے چیف عبدالناصر نورستانی ہلاک اور 10 اہلکار زخمی ہو گئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: امریکہ نے افغانستان سے مکمل فوجی انخلا کے بارے میں سوچنا شروع کر دیا

افغان فوج کے ترجمان نے حملے سے متعلق میڈیا کو فراہم کی گئی تفصیلات میں ذمہ داری طالبان پر عائد کی ہے تاہم طالبان کی جانب سے حملے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: افغانستان میں 19 سال جاری رہنے والی جنگ میں کس کو کتنا نقصان ہوا؟

گزشتہ روز غزنی میں افغان فوجی بیس پر خود کش حملے میں 31 اہلکار ہلاک اور 24 زخمی ہو گئے تھے جن میں اکثریت کمانڈوز کی تھی جبکہ دوسرے خود کش حملے میں زابل کے صوبائی کونسل کے چیف بال بال بچ گئے تاہم قافلے میں شامل 3 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے تھے۔

Facebook Comments