ہماری سرزمین کبھی بھی پاکستان کیخلاف استعمال نہیں ہو گی! ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد

Zabihullah Mujahid
06ستمبر2021
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (کابل) ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ہمسایہ ہونے کے ناطے کچھ معاملات پر پاکستان کی تشویش جائز ہے! ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہماری سرزمین پاکستان کیخلاف کبھی استعمال نہیں ہو گی۔ پاکستان ہمارے ساتھ کھڑا ہے جس پر ہم انکے شکر گزار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے نیوز کانفرنس کے دوران وادی پنجشیر پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن کیلئے ہم نے کوششیں کیں، جرگوں اور مذاکرات سے کامیابی نہ ہوئی تو پنجشیر میں طاقت کا استعمال کیا، افغانستان میں کئی جگہوں سے اسلحہ لے کر پنجشیر میں رکھا گیا تھا تاہم اب پنجشیر میں امن کیلئے عام معافی کا اعلان کرتے ہیں اور پنجشیر میں جو اسلحہ ہمارے ہاتھ آیا اس کو محفوظ جگہ پہنچایاجائے گا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ پنجشیر میں لڑائی اور جنگ سے گریز کریں لیکن ہمیں مزاحمت کرنا پڑی، پنجشیر کے ساتھ بلا امیتاز سلوک ہوگا لہٰذا لوگ بالکل بھی تشویش میں مبتلا نہ ہوں، جنگ کے دوران بھی ہماری کوشش تھی کہ افغانوں کو نقصان نہ پہنچے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ افغانستان میں خواتین کے لباس سے متعلق گلبدین حکمت یار کا اہم بیان سامنے آ گیا

ترجمان طالبان نے کہا کہ ہم نئی حکومت کی طرف جائیں گے اور ہمارا مقصد پرامن افغانستان ہو گا، حکومت میں توانا اور اچھے لوگوں کو لائیں گے، افغانستان میں حکومت سازی کیلئے اقدامات مکمل ہیں صرف تکنیکی معاملات زیرغور ہیں۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ افغانوں سے کہتے ہیں کہ پورے افغانستان میں امن اور استحکام ہے، ہم نے خصوصی فورسز تشکیل دی ہیں جو ہر جگہ سرچ آپریشن کریں گی، ترکی اور مشرق وسطیٰ کی مدد سے کابل ایئرپورٹ کی بحالی کی کوشش کی جا رہی ہے، امید ہے کہ کابل ایئرپورٹ بہت جلد پروازوں کیلئے بحال ہو جائے گا جبکہ کابل میں حالات ٹھیک اور ہمارے کنٹرول میں ہیں۔

ترجمان افغان طالبان کا کہنا تھا کہ افغان عوام افغانستان میں مزید جنگ نہیں چاہتے، دنیا بھر سے اپیل کرتے ہیں کہ افغانستان کی تعمیر و ترقی میں مالی معاونت کریں، اس کے علاوہ حکومت میں آتے ہی تمام سرمایہ کاروں کیلئے پراعتماد فضا بحال کریں گے، افغانستان میں جو سرمایہ کار کام کر رہے ہیں وہ اپنی جگہوں پر رہیں۔

ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد افغانستان میں امن و امان سے متعلق بات چیت کیلئے آیا تھا، پاکستانی وفد نے ہم سے سیکیورٹی اور دیگر معاملات پر بات کی، پاکستان سے درخواست ہے وہ افغانوں کیلئے سرحدوں کے دروازے کھلے رکھیں جبکہ پاکستان افغانستان کے ساتھ کھڑا ہے ان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ہونے کے ناطے مختلف معاملات پر پاکستان کی تشویش جائز ہے تاہم جن معاملات پر پاکستان کو تشویش ہے انہیں حل کریں گے جبکہ ہماری سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔

Facebook Comments