وائرس کے بعد وائرس! چین میں ہنتا وائرس نے ایک شخص کی جان لے لی

Hantavirus
24مارچ2020
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (بیجنگ) چین میں کورونا وائرس کے بعد ’’ہنتاوائرس‘‘ پھیلنے لگا جس کی وجہ سے پہلا مریض ہلاک ہو گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین میں کورونا وائرس کے بعد ہنتا وائرس نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا رکھا ہے۔ صوبے ینان میں پہلا مریض ہنتاوائرس سے دم توڑ گیا۔

مرنے والے مریض نے بس میں سفر کیا تھا جس کے بعد مذکورہ بس میں سوار تمام مسافروں کی اسکریننگ کی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہنتا وائرس چوہوں سے پھیلتا ہے، چوہا کسی شخص کو کاٹ لے تو اسے وائرس منتقل ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہنتا وائرس انسان سے انسان میں منتقل نہیں ہو سکتا اور نہ ہی فضا میں اس کے کوئی اثرات ہوتے ہیں۔ البتہ چوہوں کے کاٹنے سے مذکورہ وائرس ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مرنے والے شہری کی ہنتا وائرس رپورٹ مثبت آئی تھی جس کے بعد موت واقع ہوئی۔ شہری نے جس بس میں سفر کیا تھا اس کے 32 مسافروں کا بھی معائنہ کیا گیا ہے البتہ رپورٹس سامنے نہیں آئیں۔

واضح رہے کہ چین سمیت پوری دنیا اس وقت کورونا وائرس سے لڑ رہی ہے۔ مہلک وائرس کا آغاز چینی شہر وہان سے ہوا اور اب تک دنیا بھر میں 16 ہزار کے قریب افراد اس وائرس سے مارے جا چکے ہیں۔

Facebook Comments