نومنتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی پہلی پریس کانفرنس! سخت ترین لب و لہجہ

Ibrahim Raeesi
22جون2021
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (تہران) نومنتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے پہلی ہی پریس کانفرنس میں سخت لب و لہجہ اختیار کرتے ہوئے امریکی ہم منصب سے ملاقات، میزائل پروگرام اور خطے کے عسکری گروپوں کی حمایت ترک کرنے کے معاملے پر مذاکرات سے انکار کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے نئے صدر ابراہیم رئیسی نے پہلی پریس کانفرنس میں صدر بائیڈن کو جوہری معاہدے میں شمولیت کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران پرعائد پابندیاں ختم کر کے امریکا اپنی سنجیدگی ثابت کر سکتا ہے اور اس سے کم پر کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق نومنتخب ایرانی صدر سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا وہ اپنے امریکی ہم منصب سے ملاقات کریں گے تو ابراہیم رئیسی نے کہا کہ ’’نہیں‘‘۔ اسی طرح میزائل پروگرام کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایرانی صدر نے کہا کہ میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایران کے نئے صدر کے بارے میں عالمی قوتوں نے اُن کے سخت گیر نظریات کے باعث پہلے ہی تشویش کا اظہار کیا تھا اور اپنی پہلی ہی پریس کانفرنس میں صدر ابراہیم رئیسی نے سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔ نئے ایرانی صدر کے اس بیان پر تاحال وائٹ ہاؤس کی جانب سے کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

یہ بھی خیال رہے کہ امریکا نے 1988ء میں 5 ہزار سے زائد سیاسی قیدیوں کو پھانسی کی سزا دینے کے الزام پر ابراہیم رئیسی پر پابندی عائد کر دی تھی جب وہ ڈیتھ پینل میں بطور پراسیکیوٹر اپنے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

Facebook Comments