اسرائیل کی فلسطین پر راکٹوں سے بمباری، 16 شہید

Philistine Woman
13نومبر2019
(فوٹو رائٹرز)

ویب ڈیسک: (غزہ) غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملے میں مزید 2 فلسطینی جاں بحق ہو گئے جس کے بعد شہادتوں کی تعداد 16 ہو گئی۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی جانب سے حالیہ فضائی حملے جس میں ان کے مطابق ایک فلسطینی جنگجو کمانڈر ہلاک ہوا تھا، اس کے بعد سے اسرائیلی سرزمین پر غزہ سے اب تک 250 کے قریب راکٹ فائر کیے گئے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق غزہ سرحد سے متصل اسرائیلی زمین پر راکٹ حملوں کی وجہ سے اسکول بند کر دیے گئے جبکہ عوامی اجتماع پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز مشرقی غزہ میں اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں بھاء ابو العطا اور ان کی اہلیہ جاں بحق ہوئی تھیں جن کے بارے میں اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ وہ اسرائیل پر ہونے والے حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔

رات کی تاریکی میں ہونے والا حملہ بھاء ابو العطا کی رہائش گاہ پر اس وقت کیا گیا تھا جب وہ سو رہے تھے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ غزہ سے چلنے والے راکٹ تل ابیب تک پہنچے ہیں جن کی وجہ سے 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔

غزہ اور اسرائیل میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے مصری حکام کا کہنا تھا کہ قاہرہ کشیدگی کو کم کرنے کی کوششیں کر رہا ہے تاہم فلسطینی تنظیم کے ترجمان نے ان کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ترجیح اسرائیلی جرائم کا جواب دینے اور جارحیت کا مقابلہ کرنا ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے وادی اردن کے بارے میں بڑا اعلان کر دیا

اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ وہ مزید کشیدگی نہیں چاہتے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے لیے خطرہ بننے والے مزید لوگوں کو مارنے سے کترائیں گے نہیں۔ آج ہم نے اپنے تمام دشمنوں کو واضح پیغام دے دیا ہے، جو بھی ہمیں دن میں نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا وہ رات تک باقی نہیں رہ پائے گا۔

راکٹ حملوں کی وجہ سے اسرائیل میں کسی کی ہلاکت سامنے نہیں آئی جس کی وجہ اسرائیل کا آئرن ڈوم دفاعی نظام ہے جس کے بارے میں اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ‘اس نئے سسٹم کے ذریعے 90 فیصد راکٹوں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا گیا۔

گزشتہ روز غزہ میں اسرائیل کے فضائی حملے کے ساتھ ساتھ شام کی دارالحکومت دمشق میں بھی اسرائیل نے ایک گھر پر 3 فضائی حملے کیے تھے جن میں سے ایک کو ناکام بنا دیا گیا تھا اور 2 نے گھر کو تباہ کر دیا تھا۔

Facebook Comments