بھارتی وزیرِ اعظم نے آرٹیکل 370 کے خاتمے کو تاریخی فیصلہ قرار دے دیا

08اگست2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (نئی دہلی) بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر اور لداخ کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو ’تاریخی فیصلہ‘ قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق براہِ راست قوم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کے نتیجے میں جموں و کشمیر اور لداخ میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، جس کی مثال ماضی میں نہیں ملے گی‘۔ نریندر مودی نے کہا کہ گذشتہ 3 دہائیوں میں 42 ہزار معصوم لوگ زندگی کی بازی ہار گئے، یہ اعداد و شمار آنکھوں میں آنسو لانے کیلئے بہت ہیں‘۔ 40 منٹ دورانیے پر مبنی خطاب میں نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر اور لداخ میں حکومتی اسکیموں کا ذکر کیا۔

بھارتی وزیرِ اعظم نے دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کی خصوصی حیثیت ختم ہونے اور انہیں وفاق کے زیرِ انتظام لانے سے تحفظ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے ڈیڑھ کروڑ لوگ بنیادی سہولیات اور بہتر مستقبل سے محروم ہیں اور اب انہیں بھارت کے دیگر صوبوں کی طرح یکساں سہولیات میسر ہوں گیں۔ نریندر مودی نے الزام لگایا کہ پاکستان آرٹیکل 370 کی منسوخی کو جواز بنا کر بھارت کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو مخاطب کر کے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی آپ کو عوامی نمائندوں کو منتخب کرنے کا پورا حق حاصل ہوگا۔ نریندر مودی نے دعویٰ کیا کہ آپ کو یہ جان کر تعجب ہوگا کہ کئی دہائیوں سے جموں و کشمیر میں رہائش پذیر لوگوں کو لوک سبھا (ایوانِ زیریں) کے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا حق حاصل تھا لیکن وہ اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات میں ووٹ نہیں ڈال سکے۔

بھارتی وزیرِ اعظم نے اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو (میرے بہن اور بھائیوں) کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ جموں و کشمیر میں تمام ملازمتوں پر بھرتیاں کی جائیں گی اور نئے نظام کے تحت وفاقی حکومت کی ترجیح ہوگی کہ کشمیریوں کو تمام شعبہ ہائے زندگی میں ملازمت کے یکساں مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق مزید کہا کہ کشمیر کی مصنوعات زعفران، کافی، سیب اور خوبانی کو دنیا بھر میں فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

نریندر مودی نے کہا کہ لداخ کی ہربل ادویات بھی پوری دنیا میں پھیلائی جائیں گی۔ بھارتی وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر اسمبلی کے انتخابات جلد ہوں اور وہاں نئی حکومت تشکیل پائے اور وزیرِ اعلیٰ کو خوش آمدید کہا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں ہلاک ہونے والے ہزاروں بھارتی فوجیوں نے امن کیلئے اپنی جانیں دیں اور ان تمام فوجیوں کی تمنا تھی کہ کشمیر میں امن ہو اس لئے ہم سب کو مل کر ان کی تمناہوں کو پورا کرنا ہے۔

نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں ریلوے اور شاہرواں کے نظام میں بہتری لانے کا وعدہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی نمائندوں کے تعاون سے لداخ اور کارگل میں کونسل سازی ہوگی اور وفاقی حکومت مذکورہ علاقوں میں ترقیاتی اسکیمیں تیزی سے متعارف کرائے گی۔ لداخ سے متعلق انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ لداخ روحانی سیاحت کا مزکز بننے کی اہلیت رکھتا ہے جہاں ایڈونچر اور ایکو سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ لداخ میں وسیع پیمانے پر سولر پاور جنریشن کا نظام نصب کیا جا سکتا ہے۔

آخر میں بھارتی وزیرِ اعظم نے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو عید الاضحیٰ کی مبارک دیتے ہوئے خواہش کا ظاہر کیا کہ عید پر ماحول سازگار رہے گا۔

Facebook Comments