ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کو سخت وارننگ

America vs Iran
16ستمبر2020
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (واشنگٹن) امریکہ نے اپنے پرانے حریف ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے کسی امریکی یا پھر امریکہ پر حملہ کیا تو امریکہ ہزار گنا زیادہ طاقت سے ایران پر حملہ آور ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سمابجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران جنرل قاسم سلیمانی کا بدلہ لینے کیلئے کوشش کر رہا ہے، ایران کسی امریکی شخص کو نشانہ بنا سکتا ہے، علاوہ ازیں ایران امریکہ پر حملہ آور بھی ہو سکتا ہے۔

ایک دوسرے ٹوئٹر بیان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے امریکہ کو کسی بھی قسم کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو امریکہ اس سے ہزار گنا بڑا حملہ کرے گا۔ امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ امریکہ نے جنرل قاسم سلیمانی کو اس لیے قتل کیا تھا کیونکہ وہ امریکی فوجیوں کے قتل کی سازش میں ملوث تھے۔

اس سے قبل امریکی میڈیا میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ایران امریکہ کی جنوبی افریقہ میں تعینات سفیر لانا مارکس کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، تاہم امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے لانا مارکس کو مبینہ طور پر درپیش خطرے سے متعلق بات کرنے سے گریز کیا تھا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ امریکہ ایران کشیدگی، سونا 2600 روپے فی تولہ مہنگا ہو گیا

دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ لانا مارکس سے متعلق ہر قسم کی منفی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، امریکہ کا ایران کے خلاف پروپیگنڈا کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، ایسی افواہوں سے امریکہ کی ایران دشمنی واضح نظر آتی ہے، جبکہ ایسی خبروں کا حقائق سے کوئی لینا دینا ہی نہیں ہے۔

Facebook Comments