امریکہ میں مسلمانوں کی بستی پر حملے کا منصوبہ بنانے والے نوجوان گرفتار

Islam Berg
23جنوری2019
(فوٹو نیویارک ٹائمز ڈاٹ کام )

ویب ڈیسک: (نیو یارک سٹی) امریکی ریاست نیو یارک کے ٹاؤن ٹاپکنز ڈیلاویئر کاؤنٹی کے علاقے اسلام برگ میں مبینہ طور پر حملے کا منصوبہ بنانے والے چار امریکی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حراست میں لئے جانے والوں میں 20سالہ برائن کولانیری،18سالہ اینڈریو کرائیسیل اور وینسینٹ ویٹرو شامل ہیں،پولیس کے مطابق ان نوجوانوں سے دیسی ساخت کے بم اور بندوق بھی برآمد ہوئی ہے۔

گرفتار کئے گئے ان نوجوانوں کو اسلحہ رکھنے اور بستی پر حملہ کرنے کی سازش کے جرم میں عدالت میں پیش کیا جائے گا،علاوہ ازیں ایک سولہ سالہ بچے پر بھی اسی نوعیت کے الزامات ہیں۔

اس حملے کی سازش کے بارے میں اسکول کی ایک طالبہ نے انکشاف کیا تھا جس کے بعد پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے منصوبہ سازوں کو گرفتار کر لیا۔

واضح رہے کہ مسلمانوں کی بستی اسلام برگ چند گھروں پر مشتمل ہے جسے 1980ء میں پاکستان سے آنے والے ایک صوفی بزرگ مبارک علی گیلانی کے کہنے پر قائم کیا گیا تھا۔

مبارک علی گیلانی نے اپنے مریدوں کو شہر سے دور مذہبی طرزپر ایک بستی آباد کرنے کی صلاح دی تھی۔

Facebook Comments