اسرائیل اور مسلم افریقی ملک چاڈ کے درمیان دہائیوں سے تعطل کا شکار تعلقات بحال

Benjamin Netanyahu Idriss Déby
20جنوری2019
(فوٹو اے ایف پی)

ویب ڈیسک : (اینجامینا) اسرائیل اور مسلم افریقی ملک چاڈ کے درمیان برسوں سے منقطع تعلقات بحال ہو گئے ہیں۔

عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمین نیتن یاہو سرکاری دورے پر مسلم افریقی ملک چاڈ پہنچے جہاں چاڈ کے صدر ادریس ڈیبے نے ان کا استقبال کیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا،ملاقات کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان 1972ء سے تعطل کے شکارسفارتی تعلقات کو بحال کر دیا گیا جس کے بعد تمام معاملات بھی طے پا گئے ہیں۔

اس موقع پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے سفارتی تعلقات کی بحالی کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کی نئی تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے،جبکہ تعلقات کی بحالی پر خطے میں مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔

دوسری جانب چاڈ کے صدر ادریس ڈیبے نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کو مثبت قدم قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مزید پیش رفت ہو گی۔

Facebook Comments