بھارت کی 20 ریاستوں میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا

20 states are locked down in Indian due to coronavirus
24مارچ2020
(فوٹو پریس ٹرسٹ آف انڈیا)

ویب ڈیسک: (نئی دہلی) بھارتی حکومت نے 22 مارچ کو تجربے کے طور پر 14 گھنٹے کے لیے نافذ کیے گئے جنتا کرفیو کی کامیابی کے بعد 23 مارچ سے ملک کی 20 ریاستوں کے 75 اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا۔

بھارت میں 22 مارچ کو 14 گھنٹوں کے لیے رضاکارانہ طور پر لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کی اپیل کی گئی تھی اور وزیر اعظم کی درخواست پر کم سے کم ایک ارب بھارتی افراد گھروں تک محدود رہے تھے۔

ایک درخواست پر لوگوں کے گھروں تک محدود رہنے کے بعد حکومت نے ملک بھر کے کورونا وائرس سے متاثرہ 75 اضلاع میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے ریاستی حکومتوں کو 22 مارچ کی شام کو ہی مراسلہ بھجوا دیا تھا اور ریاستی حکومتوں نے 23 مارچ کے آغاز سے قبل ہی لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: کورونا وائرس: اٹلی میں اموات 4 ہزار سے تجاوز کر گئیں، عوام گھروں میں محصور

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق 22 مارچ کے کامیاب جنتا کرفیو کے بعد مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتوں نے 23 مارچ سے ملک بھر کے 75 اضلاع میں 31 مارچ کی شب تک لاک ڈاؤن کا نفاذ کر دیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 23 مارچ کی صبح سے اترپردیش، مہاراشٹرا، پنجاب، کیرالہ، تلنگانہ، اتراکھنڈ، آندھرا پردیش، مغربی بنگال، جھارکھنڈ اور راجستھان سمیت مجموعی طور پر 20 ریاستوں کے درجنوں اضلاع سمیت مرکزی حکومت کے ماتحت اضلاع میں بھی لاک ڈاؤن کردیا گیا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: بھارت میں پولیس کمانڈوز پر بڑا حملہ 17 ہلاک، 15 زخمی

مرکزی دارالحکومت نئی دہلی میں بھی 31 مارچ کی شب تک لاک ڈاؤن رہے گا اور اس دوران تمام ٹرانسپورٹ، ریلوے، کاروباری و تعلیمی ادارے، عوامی و مذہبی مقامات بند رہیں گے جب کہ سرکاری دفاتر میں بھی ملازمین کی تعداد کم رہے گی۔

کورونا وائرس کے پیش نظر ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں بھی 31 مارچ تک لاک ڈاؤن رہے گا اور وہاں بھی ہرطرح کاروباری و تعلیمی ادارے بند رہیں گے جب کہ مذہبی و عوامی مقامات کو بھی بند کر دیا گیا۔ ریاست مہاراشٹر کے دیگر اضلاع میں بھی لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے جب کہ ریاست اترپردیش، بہار، تلنگانہ اور پنجاب کے بھی متعدد اضلاع میں لاک ڈاؤن کا آغاز ہو گیا۔

بھارت کے 75 اضلاع میں لاک ڈاؤن سے تقریبا 20 کروڑ کے قریب افراد کی نقل و حرکت پر پابندی رہے گی یا ان کی نقل و حرکت محدود ہو جائے گی۔ جن اضلاع میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے ان میں دارالحکومت نئی دہلی، ریاست کیرالہ کے 10 سے زائد اضلاع، مہاراشٹرا کے تقریبا 10 اضلاع، اتر پردیش کے 6 سے زائد ضلعے ، ریاست کرناٹکا، گجرات، ہریانہ اور پنجاب سمیت دیگر ریاستوں کے چھ چھ سے زائد اضلاع میں بھی لاک ڈاؤن رہے گا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: اٹلی میں کورونا وائرس نے ایک ہی دن میں 700 سے زائد زندگیاں نگل لیں

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران اگر کسی بھی ریاست یا مرکزی حکومت کے ماتحت علاقے مین اگر کوئی کورونا وائرس کیا نیا کیس سامنے آیا تو عین ممکن ہے کہ متاثرہ علاقے میں بھی لاک ڈاؤن کر دیا جائے۔ بھارت میں 23 مارچ کی صبح تک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 430 تک جا پہنچی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 7 تک جا پہنچی تھی۔

بھارت میں سب سے زیادہ کیسز ریاست مہاراشٹر میں سامنے آئے ہیں، جہاں 23 مارچ کی صبح تک کیسز کی تعداد 90 تک جا پہنچی تھی۔

Facebook Comments