سعودی حکومت کا عوام کی تفریح کیلئے بڑا اقدام! مشرق وسطیٰ کے سب سے پر تعیش سینما گھر کا افتتاح

New Cinema Opened In Kindom Tower KSA
16اپریل2019
(فوٹو ٹوئٹر)

ویب ڈیسک: (ریاض) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مشرق وسطیٰ کا سب سے پر تعیش سینما عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔

تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ سعودی عرب میں نہ صرف ملک کا بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کا پرتعیش ترین سینما گھر عام عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ خدیجیہ ٹی وی کے مطابق مشرق وسطیٰ کے پرتعیش ترین سینما گھر کو دارالحکومت ریاض کے کنگڈم ٹاور میں کھولا گیا ہے۔ اس سینما گھر کا افتتاح عرب پتی شہزادے ولید بن طلال نے کیا۔

ولید بن طلال نے سینما گھر کے افتتاح کے بعد ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ولی عہد محمد بن سلمان کی تعریف کی اور کہا کہ ان کے وژن کے مطابق سعودی عرب ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ولید بن طلال نے کھولے گئے نئے سینما گھر کو سعودی شہریوں کی تفریح کے لیے اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ اس سے لوگوں کی طرز زندگی میں بہتری ممکن ہو گی۔

ریاض میں کھولے گئے اس سینما گھر میں 8 اسکرینیں نصب کی گئی ہیں جبکہ سینما میں پرتعیش فوڈ کورٹ بھی موجود ہے۔ اس سینما گھر میں بچوں کے لیے خصوصی ہال بھی بنایا کیا گیا ہے جبکہ ہالز میں جدید طرز کے صوفے بھی رکھے گئے ہیں جو بستر میں تبدیل ہونے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے اس پر تعیش سینما گھر کے ہالز کے اندر لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء بھی فراہم کی جائیں گی۔ ہالز میں رکھی گئی سیٹس اور صوفوں پر ویٹر کو بلانے کے لیے بٹن بھی نصب کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب میں 35 برس بعد 19 اپریل 2018 کو پہلے سینما گھر کا افتتاح کیا گیا تھا۔ سعودی عرب میں جہاں گزشتہ سال 35 برس بعد فلموں کی نمائش کی اجازت دی گئی تھی، وہیں ملک کے مختلف شہروں میں سینما گھر بھی کھولے گئے تھے۔ سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت آنے والے چند سالوں میں 100 سے زائد سینما گھر کھولے جائیں گے اور اس منصوبے پر عمل درآمد کے تحت تیزی سے سینما گھروں کی تعمیر جاری ہے۔

Facebook Comments