دنیا کے بلند ترین پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب ایک طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا

Plane Accident Near Mount everest
14اپریل2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (کھٹمنڈو) نیپال میں ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب رن وے پر ایک طیارہ ہیلی کاپٹرز سے ٹکراتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ فرانسیسی خبررساں ادارے (اے ایف پی) کی رپورٹ کے مطابق حادثہ لوکلا ایئرپورٹ پر پیش آیا جو ماؤنٹ ایورسٹ کو جانے والے راستے کا اہم ذریعہ ہے جبکہ یہ ایئرپورٹ دنیا کے خطرناک ترین ایئرپورٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔ پولیس کے ترجمان کے مطابق اس واقعے میں طیارے ٹربو پروپ لیٹ-410 کا ایک معاون پائلٹ اور رن وے پر موجود ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار دوران علاج ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

لوکلا ایئرپورٹ کے حکام کے مطابق طیارہ رن وے پر پرواز کے لئے اڑان بھر رہا تھا کہ وہ پھسل کر قریب ہی موجود 2 ہیلی کاپٹرز سے ٹکرا گیا۔واقعے میں زخمی ہونے والوں کو علاج کے لئے کھٹمنڈو منتقل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ حادثے کی وجوہات کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

واضح رہے کہ ہر سال سینکڑوں کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کے لئے لوکلا ایئرپورٹ پہنچتے ہیں اور اپریل میں یہاں کافی بھیڑ پائی جاتی ہے کیونکہ کہ موسم بہار کوہ پیمائی کے آغاز کے لئے اہم سمجھا جاتا ہے۔ نیپال، جہاں دور دراز پہاڑی علاقوں میں سفر کرنا انتہائی مشکل ہے، یہاں ہوا بازی کے شعبے میں حالیہ کچھ عرصے میں کافی ترقی ہوئی ہے۔

یاد رہے کہ یورپی یونین نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر نیپال کی ایئرلائنز پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

نیپال میں رواں سال فروری میں ہیلی ایسٹ کے علاقے میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا تھا، جس میں ملک کے سیاحت کے وزیر سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Facebook Comments