بھارت میں خاتون پر تشدد کی انوکھی تاریخ رقم! واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی

14اپریل2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (مادھیہ پردیش) بھارتی ریاست مادھیہ پردیش کے ضلع جھابوا کے گاؤں دیوی گڑھ میں متعدد افراد نے ایک عورت کے ساتھ انتہائی غیر انسانی سلوک کیا، اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور متاثرہ خاتون کے کندھے پر اس کے شوہر کو بٹھا کر اسے چلنے پر مجبور کیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔

تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ بھارتی اخبار (این ڈی ٹی وی) کے مطابق بھارتی ریاست مادھیہ پردیش میں ایک 27 سالہ عورت کو گھر سے بھاگ جانے کی سزا کے طور پر شوہر کو کندھے پر اُٹھا کےگاؤں کے چکر لگانے پر مجبور کیا گیا، اُسے تشدد کا نشانہ بنایا اور اُن وحشی مناظرکو موبائل فون میں فلم بند کر کے ویڈیو کو واٹس ایپ کے ذریعے وائرل بھی کردیا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ چھتیس سالہ خاتون پر 9 سالہ بچے کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے واقعے میں ملوث 2 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ خاتون پر تشدد کے واقعے کی ویڈیو جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک عورت اپنے شوہر کو کندھے پر لادے بمشکل چل رہی ہے جبکہ گاؤں کے افرادگِرد جمع ہیں اور اُس پر آوازیں کستے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو میں ایک آدمی عورت کولاٹھی سے ماررہا ہے جبکہ دوسرا اُس کے آگے ناچتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

پولیس کے مطابق متاثرہ عورت چند روز قبل اپنے شوہر کا گھر چھوڑ کر اپنے محبوب کے ساتھ دیوی گڑھ سے گجرات فرار ہوگئی تھی، دو دن پہلے اُس کا شوہر اور سُسرالی اُسے ڈھونڈ کر دیوی گڑھ واپس لے آئے تھے جہاں اُس کے ساتھ بدترین سلوک کیا گیا۔ دیوی گڑھ کے اے ایس پی وجےداور نے واقعے سے متعلق مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ یہ عورت تقریباً 10 دن پہلے گھر سے فرار ہوئی تھی،گاؤ ں واپس لائے جانے کے بعد تقریباً 10 سے 12 افراد نے اس کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا اور اس کا دوپٹہ بھی چھین لیا۔

اے ایس پی وجےداور کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ایسے واقعات آئندہ نہ ہوں۔ واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف کیس درج کیا جائے گا۔

Facebook Comments