تیرہ سال کا یہ لڑکا ایک ماہر کیمیا دان ہے! اسکے کارنامے جان کر آپ دنگ رہ جائیں گے

01ستمبر2019
(فوٹو : بورڈ پانڈا)

ویب ڈیسک: (کولمبس) امریکی ریاست اوہایو کے شہر سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ لڑکا ڈینیئل لو ایک ماہر کیمیا دان ہے، ڈینیئل لو کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو کیمیا سے متعلق کوئی بھی سوال پوچھنا ہے تو اس سے پوچھ سکتا ہے۔ ڈینیئل لو کی ذہانت اور اسکے کارناموں کے بارے میں ذیل میں جانتے ہیں۔

تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ ڈینیئل لو جسکی عمر صرف 13 سال ہے، ایک طرف تو وہ گیارہویں جماعت (گریڈ) کے طالب علم ہیں تو دوسری جانب وہ ٹولیڈو یونیورسٹی میں انڈر گریجویٹ محقق بھی ہیں۔ وہ اسکول میں اپنے سینئر اور جونیئر دوستوں سے کہتے ہیں کہ اگر انہیں کیمیا سے متعلق کوئی سوال پوچھنا ہے تو وہ اسے ای میل پر رابطہ کر سکتے ہیں، جس کا فوری جواب دیا جائے گا۔

ٹولیڈو یونیورسٹی کے شعبہ ماحولیات اور ریڈیالوجی سیفٹی میں یہ ذہین لڑکا سائنسداں ہے اور دلچسپ بات یہ ہے کہ یہاں 12 سال کی عمر تک کے بچوں کا داخلہ بھی منع ہے لیکن ڈینیئل یہاں آزادانہ تحقیق کر رہے ہیں۔ اس لڑکے کی ذہانت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ 2017ء میں مائیکل ینگ آرگینک کیمسٹری کے لیکچر کے وسط مدتی امتحان میں کئی بچے فیل ہوئے اور کامیاب ہونے والے بھی زیادہ سے زیادہ 50 نمبر لے سکے تاہم ڈینیئل نے 100 میں سے 99 نمبر حاصل کئے۔ اس کے علاوہ ڈینیئل وائٹ ہاؤس اسکالر شپ کی مد میں 10 ہزار ڈالر کی رقم بھی جیت چکے ہیں۔

ڈینیئل کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ وہ اس عمر سے ریسرچ پیپرز لکھ رہے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ایک مقالہ لکھا ہے جس میں انہوں نے انسانی ادویہ اور کیڑے مار دواؤں کو مزید کم خرچ، ماحول دوست اور بہتر بنانے کی تجاویز دی ہیں۔ ڈینیئل کے ساتھ کام کرنے والے تمام ساتھی ان کی ذہانت کے معترف ہیں اور ان کے رویّے سے بہت خوش ہیں۔

Facebook Comments