سادے کاغذ سے عمدہ ٹوپیاں، وِگیں اور منفرد شاہکار تیار کرنے والا روسی جوڑا

asyakozina art
08جنوری2020
(تصاویر : آسیا کوزینا آرٹ)

ویب ڈیسک: (ماسکو) کہا جاتا ہے کہ پرانے زمانے میں اگر کسی شخص کو مذاق اُڑوانے کی سزا دی جاتی تو اس کے سر پر کاغذ سے بنی مضحکہ خیز ٹوپی پہنا دی جاتی تھی۔ وہ بے چارہ جہاں کہیں سے بھی گزرتا، لوگ اس کی حالتِ زار دیکھ کر اس پر آوازیں کستے لیکن سزا ملنے کی وجہ سے وہ شخص اس کاغذی ٹوپی کو اپنے سر سے اتارنے کا متحمل نہیں ہو سکتا تھا۔

اسی طرح یہ بھی مشہور ہے کہ پرانے زمانے میں اگر کسی شخص کی فریاد بہت سنجیدہ ہوتی تھی تو وہ بادشاہ کے دربار میں کاغذی لباس پہن کر حاضر ہوتا تھا اور اپنی فریاد پیش کرتا تھا۔ ہم نہیں جانتے کہ ان باتوں میں کتنی سچائی ہے اور کتنا جھوٹ شامل ہے، مگر اتنا ضرور جانتے ہیں کہ ایک یوکرینی نژاد روسی جوڑا پچھلے کئی سال سے کاغذ کو وگز جیسی خوبصورت ٹوپیوں میں تبدیل کر کے فروخت کر رہا ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ ناروے میں موسیقاروں کا برف پر فن کا مظاہرہ

یہ دیمیتری کوزین اور آسیا کوزینا ہیں جو گذشتہ 12 سال سے یہی کام کر رہے ہیں۔ یہ دونوں اپنے کام میں اتنے ماہر ہیں کہ کاغذ کو کسی بھی قسم کے پیچیدہ اور نفیس فن پارے میں تبدیل کر سکتے ہیں۔

ہوا یوں کہ آسیا کوزینا نے 2008ء میں پہلے پہلے کاغذ سے کچھ وگز بنائیں جنہیں اپنے آبائی قصبے چرسکی، یوکرین میں نمائش کیلئے رکھ دیا۔ یہ وگز اتنی مشہور ہوئیں کہ صرف پانچ سال بعد ہی مختلف ماڈلز نے اسی طرح کاغذ سے تیار کی ہوئی وگز/ ٹوپیاں پہن کر کیٹ واک بھی شروع کر دی۔

Asya Kozina Art

اس شہرت کو دیکھ کر آسیا کے شوہر دیمیتری کوزین بھی ان کے ساتھ مل گئے، جو خود بھی ایک ماہر پیپر آرٹسٹ ہیں۔ تب سے لے کر اب تک یہ جوڑا سفید کاغذ استعمال کرتے ہوئے طرح طرح کی وگز اور ٹوپیاں تیار کرتا ہے جو اپنی ظاہری خوبصورتی کے علاوہ اپنی باریک ترین جزئیات (ڈیٹیلز) میں بھی ان کی مہارت کا ثبوت ہیں۔

Asya Kozina Art #1

کوئی بھی ٹوپی یا وگ بنانے سے پہلے وہ کاغذ پر اس کا اسکیچ (خاکہ) بناتے ہیں اور پھر اسے مدنظر رکھتے ہوئے کاغذ کو مطلوبہ انداز میں موڑتے ہیں۔ بعض دفعہ یہ دونوں میاں بیوی اپنے کام میں اتنے مگن ہو جاتے ہیں کہ کھانا پینا تک بھول جاتے ہیں اور جب یاد آتا ہے تو پھر فون کر کے پیزا منگوا لیتے ہیں۔ ویسے تو اب تک یہ کئی نمائشوں اور کیٹ واکس میں اپنی کاغذی ٹوپیاں اور وگز پیش کر چکے ہیں لیکن کچھ عرصہ پہلے ہی انہوں نے اپنے کاغذی فن پاروں کو فروخت کرنے کیلئے آسیا کوزینا آرٹ کے نام سے ایک باقاعدہ ویب سائٹ بھی بنا لی ہے۔

یہاں فروخت ہونے والی وگز اگرچہ بہت مہنگی ہیں لیکن دنیا بھر کے شوقین مزاج لوگ انہیں بھی منہ مانگے داموں میں خرید رہے ہیں۔

Facebook Comments