بھارتی شخص نے سونے کا ماسک پہن لیا

Indian man wears gold mask
08جولائی2020
فوٹو: انڈیا ٹوڈے

ویب ڈیسک: (پونے) اس سال کے اوائل میں کورونا وائرس نے پوری دنیا کے منہ پر حفاظتی ماسک پہنا دیئے اور اب طرح طرح کے حیرت انگیز ماسک عام ہیں۔ ایسے میں ایک بھارتی شخص نے سونے کا ماسک بنایا ہے جس کی قیمت تین لاکھ بھارتی روپے کے برابر ہے۔

بھارتی شہر پونے کے علاقے پمپری چنچ واڑ کے رہائشی شنکر کرادے اب جہاں بھی جاتے ہیں ان کے چہرے پر ایک سنہری ماسک ہوتا ہے جو مکمل طور پر سونے سے بنا ہے۔ اس پر سانس لینے کے لیے باریک سوراخ بھی بنائے گئے ہیں اور ڈور کی مدد سے چہرے پر لگایا گیا ہے۔

شنکرکرادے کئی دولت مندوں کی طرح سونا پہننے کے شوقین ہیں۔ ان کے گلے میں سونے کا ہار اور بازوؤں میں بھی سونے کے کڑے پہنے ہوتے ہیں۔ جبکہ ان کی تقریباً ہر انگلی میں قیمتی اور بھاری انگوٹھیاں بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔ تاہم ماسک کے کی افادیت کے بارے میں خود شنکر بھی کوئی دعویٰ نہیں کرتے کیونکہ اس میں اگرچہ باریک سوراخ بنائے گئے ہیں لیکن کورونا وائرس ان میں سے باآسانی گزرسکتا ہے۔

سونے کا یہ ماسک بہت پتلا ہے اور شنکر کے مطابق انہیں سانس لینے میں کوئی دقت نہیں ہوتی۔ دوسری جانب بھارت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 18 ہزار سے زائد ہے۔ صرف پونے شہر میں اب تک مریضوں کی تعداد 6 ہزار تک جا پہنچی ہے اور 275 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

Facebook Comments