آبشار ہے یا آتش شار! دیکھنے والوں کو اپنی آنکھوں پر یقین نہیں رہتا

Yosemite National Park
14فروری2020
(فوٹو انٹرنیٹ)

ویب ڈیسک: (کیلیفورنیا) کیا اس آبشار سے لاوا بہہ رہا ہے دیکھنے میں تو ایسا ہی لگ رہا ہے لیکن درحقیقت ایسا کچھ بھی نہیں۔

امریکا کے یوسمائٹ نیشنل پارک میں یہ آبشار ’’ہارس ٹیل فالز‘‘ کہلاتی ہے مگر اس کی وجہِ شہرت کچھ اور ہے۔ کبھی کبھار فروری کے مہینے میں جب سردیوں کی شدت ختم ہو رہی ہوتی ہے، پہاڑ پر جمی برف پگھلنے لگتی ہے اور یہ آبشار آہستہ آہستہ بہنے لگتی ہے۔

ان ہی دنوں میں اگر پہاڑ کی چوٹی پر برف موجود ہو، درجہ حرارت اتنا ہو کہ برف پگھلنا شروع ہو جائے، موسم بالکل صاف ستھرا ہو اور سورج ایک خاص زاویئے سے اس آبشار پر اپنی کرنیں بکھیر رہا ہو تو یوں لگتا ہے جیسے اس آبشار سے پانی نہیں بلکہ لاوا بہہ رہا ہے۔

horsetail falls

اگرچہ یہ منظر ہر سال واقع نہیں ہوتا لیکن اسے دیکھنے کی خواہش میں ہر سال فروری کے مہینے میں لاکھوں لوگ ہارس ٹیل فالز کا رخ کرتے ہیں جس کی وجہ سے ارد گرد کے علاقے میں ٹریفک جام سمیت کئی مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔

Horsetail Falls

ان حالات کے پیشِ نظر مقامی انتظامیہ نے ہارس ٹیل فالز کی جانب آمد و رفت کو محدود کر دیا ہے لیکن پھر بھی ہزاروں کی تعداد میں من چلے یہاں پہنچ ہی جاتے ہیں۔

Horsetail Falls

جب اس آبشار سے لاوا بہتا دکھائی دیتا ہے تو پھر وقتی طور پر بعض لوگ اسے ’’یوسمائٹ فائر فالز‘‘ (یوسمائٹ کا آتش شار) کا نام بھی دے دیتے ہیں، جو اسے جچتا بھی ہے۔

Facebook Comments