ہزاروں انسانوں کی جانیں بچانے والا گولڈ میڈلسٹ چوہا 8 سال کی عمر میں چل بسا

Magawa Mouse
13جنوری2022
( فوٹو: فائل )

ویب ڈیسک: ( کمبوڈیا ) بارودی سرنگیں سونگھ کر خطرے سے بچانے والا مشہورگولڈ میڈلسٹ افریقی چوہا ‘ماگاوا’ 8 سال کی عمر میں چل بسا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق 5 سالہ کیرئیر میں ماگاوا نے کمبوڈیا میں 100 سے زیادہ بارودی سرنگیں اور دیگر دھماکا خیز مواد سونگھا۔

ماگاوا سب سے کامیاب چوہا تھا جسے بیلجیئم کے ایک خیراتی ادارے اپوپو نے تربیت دی تھی تاکہ انسانوں کو بارودی سرنگوں کے بارے میں آگاہ کرکے انہیں محفوظ طریقے سے ہٹایا جا سکے۔

رپورٹس کے مطابق دھماکا خیز مواد کے اندر کیمیائی کمپاؤنڈ کا پتہ لگانے کے لیے تربیت یافتہ، ماگاوا نے ایک لاکھ 41 ہزارمربع میٹر سے بھی زیادہ زمین کوچیک کیا۔

اس کے علاوہ اس کا وزن 1.2کلوگرام تھا جبکہ وہ 70cm لمبا تھا، اگرچہ وہ چوہوں کی بہت سی دوسری نسلوں سے کہیں زیادہ بڑا تھا لیکن ماگاوا ابھی بھی اتنا چھوٹا اور اتنا ہلکا تھا کہ اگر وہ بارودی سرنگوں کے اوپر سے چلتا تو وہ پھٹتی نہیں تھیں۔

اپوپو کے مطابق ماگاوا صرف 20 منٹ میں ٹینس کورٹ کے سائز کے میدان کی مکمل تلاشی کی صلاحیت رکھتا تھا جبکہ یہی کام کرنے میں میٹل ڈیٹیکٹر کے ساتھ ایک انسان کو ایک سے چار دن لگتے۔

Facebook Comments