بیوقوف شخص نے سانپ مارنے کے چکر میں گھر کو ہی آگ لگا دی

An foolish man set a house on fire in an attempt to kill a snake
07مارچ2020
(فوٹو: گیانا کرونیکل)

ویب ڈیسک: (گیانا) کورنٹائن کے علاقے میں مشرقی باربائس میں ایک شخص نے سانپ کو آگ سے جلا کر مارنے کی کوشش کی تو عمارت نما گھر بھی اس کی لپیٹ میں آ گیا۔

یہ واقعہ چند روز قبل دوپہر ایک بجے اس وقت پیش آیا جب سیکیورٹی گارڈ نے دیکھا کہ ایک سانپ رینگ کر پرانے ٹائروں کے ڈھیر میں گھسنے کی کوشش کر رہا ہے۔ گارڈ نے سانپ کو جلانے کی کوشش کی تو پہلے ٹائروں میں آگ لگ گئی۔

تاہم ٹائروں میں لگی ہوئی آگ قریبی مکان تک جاپہنچی اور پوری بلڈنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ بعض حوالوں کے مطابق سیکیورٹی گارڈ مطمئن تھا کہ چند ٹائر جل کر بجھ جائیں گے اور وہ کسی کام سے چلا گیا لیکن واپس لوٹا تو ٹائروں کی آگ مکان تک پہنچ چکی تھی۔

ٹائروں کی آگ نے پہلے خشک گھاس کو جلایا اور یوں مکان بھی آگ کی لپیٹ میں آ گیا۔ اس کے فوراً بعد قریبی فائراسٹیشن سے مدد طلب کی گئی اور پھر آگ پر بڑی مشکل سے قابو پایا گیا۔ آتشزدگی سےمکان کو نقصان پہنچا جہاں پہلے سرکاری دفاتر قائم تھے۔ پولیس نے گارڈ سے سوالات کیے اور اس سے بازپرس کی ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ سانپ مر گیا یا بچ کر بھاگ نکلا ہے۔

Facebook Comments