بال عطیہ کرنے کا انوکھا ریکارڈ! زہب کمال خان کے دنیا بھر میں چرچے

Zahab Kamal Khan
28اگست2021
(فوٹو : انسٹا گرام/ زہب کمال خان)

ویب ڈیسک: (ورجینیا) پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پیدا ہونے والی پاکستانی نژاد امریکی اسکواش کھلاڑی 30 سالہ زہب کمال خان نے لمبے ترین بال عطیہ کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

امریکی ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والی 30 سالہ پاکستانی نژاد لڑکی زہب کمال خان نے 26 اگست 2021ء کو اپنے بال عطیہ کر کے یہ اعزاز اپنے نام کر لیا۔ زہب کمال خان نے فیئرفیکس کاؤنٹی میں واقع مکلین کمیونٹی سینٹر میں عوام کے سامنے اپنے بال کٹوائے۔

زہب کمال خان کے بالوں کی مجموعی لمبائی 6 فٹ تین انچ تھی، جس میں سے انہوں نے 5 فٹ ایک انچ لمبے بالوں کا عطیہ دے کر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا دیا۔ ان کے بال کاٹنے اور انہیں عطیہ کرنے کی خبر نے امریکا بھر میں تہلکہ مچا دیا اور ان کی تعریفیں کی جانے لگیں۔

زہب کمال خان نے اپنے بالوں کا عطیہ سماجی تنظیم (چلڈرن ود ہیئر لاس) کو دیا اور وہ دنیا کی پہلی لڑکی ہیں جنہوں نے اتنے لمبے بال عطیہ کیے ہیں۔ امریکی اخبار کے مطابق زہب کمال خان نے 13 برس کی عمر سے والد کے مشورے پر بالوں کو بڑا کیا اور گذشتہ 17 برس کے دوران ان کے بال ان کے قد سے بھی بڑے ہو گئے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ پاکستانی کوہ پیما اسد علی میمن نے منفرد عالمی ریکارڈ قائم کر کے ملک کا نام روشن کر دیا

بالوں کو عطیہ کرنے کے حوالے سے زہب کمال خان نے انسٹاگرام پر بھی پوسٹ کی اور بتایا کہ جب وہ کم عمر تھیں تو انہیں والد نے مشورہ دیا تھا کہ وہ بال بڑے کر کے عالمی ریکارڈ بنائیں۔ زہب خان کے مطابق والد کے مشورے نے ان کی زندگی بدل دی اور اب وہ 30 سال کی عمر میں گنیز ورلڈ ریکارڈ یافتہ بن گئیں۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ کم ترین وقت میں قیمے سے بھری تین پیسٹریاں کھانے کا نیا عالمی ریکارڈ

دلچسپ بات یہ ہے کہ زہب کمال خان نے جہاں لمبے ترین بال عطیہ کر کے ورلڈ ریکارڈ بنایا، وہیں کچھ دن قبل ہی انہوں نے ایک اور گنیز ریکارڈ بھی بنایا تھا۔ رواں ماہ 2 اگست کو مکلین کمیونٹی سینٹر میں ہی اپنے بالوں میں 1100 ہیئر کلپس لگانے کا ریکارڈ بھی بنایا تھا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ دو بھائیوں نے توازن کا ناقابلِ یقین مظاہرہ پیش کر کے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

زہب خان سے قبل کسی بھی خاتون نے اپنے سر کے بالوں میں اتنے کلپس نہیں لگائے تھے۔ پاکستانی نژاد لڑکی کی جانب سے لمبے ترین بال عطیہ کرنے کے ریکارڈ کو 28 اگست تک گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ پر شامل نہیں کیا گیا تھا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ آئندہ ایک ہفتے کے اندر ان کا ریکارڈ کا اندراج کر دیا جائے گا۔

Facebook Comments