زندگی بھر کی کمائی کو درجنوں طالبعلموں کی تعلیم پر خرچ کر دینے والا انسان

26جولائی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (آئیووا) ایک امریکی شخص نے اپنی زندگی بھر کی کمائی اور بچت سے 33 طالبعلموں کی کالج اور یونیورسٹی فیس ادا کر دی، مذکورہ شخص کے اس نیک عمل کی دنیا بھر میں تعریف کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیل شروئڈر آئیوا کے رہائشی تھے اور انہوں نے 67 برس تک ایک ہی کمپنی میں کام کیا۔ وہ ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور ان کی کوئی اولاد نہیں تھی۔ لیکن بہت کم لوگوں کو معلوم تھا کہ انہوں نے کفایت شعاری سے کام لیتے ہوئے رقم جمع کی اور مرتے ہوئے اسے درجنوں طالبعلموں کی مدد کیلئے عطیہ کر دیا۔

مذکورہ شخص کے ایک دوست اسٹیو نیلسن نے بتایا کہ ڈیل حقیقت میں بلیو کارنر ملازم تھا۔ وہ روزانہ پابندی سے کام پر آیا کرتا تھا۔ وہ ہر کام تندہی سے کرتا تھا۔ پھر یوں ہوا کہ 2005ء میں ڈیل شروئڈر کا انتقال ہوگیا۔ وفات کے وقت تک وہ اپنی آمدنی کا بہت بڑا حصہ جمع کر چکا تھا۔ اس خطیر رقم کا کوئی وارث نہ تھا۔ اس کے بعد ڈیل نے اپنے وکیل کو بلایا اور اس سے مشورہ کیا۔ گفتگو کے دوران ڈیل نے اپنے وکیل سے کہا کہ وہ کالج تک نہیں پڑھ سکے اور اب اس کے پاس اتنی رقم ہے کہ وہ کئی طالبعلموں کو اچھے کالج اور جامعات میں پڑھا سکتے ہیں۔

اس پر وکیل نے ڈیل سے پوچھا کہ اس کے پاس کتنی رقم محفوظ ہے؟ اس پر ڈیل نے جواب دیا کہ اس کے پاس 30 لاکھ ڈالر ہیں۔ اس پر وکیل نے شدید حیرت کا اظہار کیا۔ اس کے بعد ایسے مستحق طالبعلموں کو تلاش کیا گیا جو کالج اور جامعہ کی فیس دینے سے قاصر تھے۔ ان تمام طالبعلموں کی تحقیق کے بعد ان کی فیس ادا کر دی گئی۔ اس طرح دنیا سے رخصت ہوتے ہوئے بھی ڈیل علم کے 33 چراغ جلا گیا اور انسانی خدمت کی مثال قائم کر گیا۔

Facebook Comments