ٹیک آف کرتے وقت ایک شخص کی چھلانگ لگا کر طیارے کے بازو پر چڑھنے کی ویڈیو وائرل

25جولائی2019
(فوٹو اسکرین گریب)

ویب ڈیسک: (ابوجہ) نائیجیریا میں مسافر بردار طیارے کے عین ٹیک آف کے وقت ایک اجنبی شخص طیارے کے ونگ پر چھلانگ لگا کر چڑھ گیا، جس سے مسافر خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئے، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا کے آئیکیجا کے مرتلا محمد ایئرپورٹ پر ازمان ایئر لائن کی پرواز ٹیک آف کرنے ہی والی تھی کہ ایک اجنبی شخص اچانک کہیں سے نمودار ہوا اور چھلانگ لگا کر طیارے کے دائیں بازو پر چڑھ گیا۔ اجنبی شخص نے اپنا بیگ، طیارے کے ایک انجن میں پھنسا دیا، جس سے طیارے میں موجود مسافروں میں خوف کی لہر دوڑ گئی اور عملے نے بھی سمجھا کہ یہ شخص کوئی حملہ آور ہے۔ جس پر سیکیورٹی فورسز کو کال کی گئی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ دنیا کے سب سے چھوٹے طیارے نے اپنی پہلی اڑان بھر لی

اجنبی شخص کو انجن کے قریب دیکھ کر پائلٹ نے انجن بند کردیا، سول ایوی ایشن کے عملے کے ارکان کی رن وے پر دوڑیں لگ گئیں۔ اس اجنبی شخص کو گرفتار کر کے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ طیارے کو واپس ڈپارچر لاؤنج پہنچادیا گیا، جہاں سے وہ چند گھنٹوں بعد روانہ ہوا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ ایک سو اٹھاسی نشستوں والا طیارہ اور مسافر ایک! دلچسپ فضائی سفر کا قصہ مشہور گیا

خیال رہے کہ ایئرپورٹ سیکیورٹی کے معاملے میں نائیجیریا کی شہرت خاصی خراب ہے۔ 2017ء میں بھی وہاں کے ایک مصروف ہوائی اڈے پر موجود ایک بزنس جیٹ پر ڈاکوؤں نے دھاوا بول دیا تھا اور زبردستی کارگو بے کھلوا کر مسافروں کا قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے تھے۔

Facebook Comments